دنیا

غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 274 فلسطینی شہید

غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک شہادتوں کی تعداد 37 ہزار سے تجاوز کر گئی
شائع June 9, 2024

غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز وسطی غزہ میں النصرات پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 274 فلسطینی شہید اور 698 زخمی ہوئے ہیں۔

غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی کارروائی وں میں 7 اکتوبر سے اب تک کم از کم 37,084 فلسطینی شہید اور 84,494 زخمی ہوئے ہیں۔

کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ ان کا ملک غزہ میں جنگ کے خلاف اسرائیل کو کوئلے کی برآمد معطل کر دے گا۔

بوگوٹا میں اسرائیلی سفارت خانے کے مطابق کولمبیا 2023 تک 450 ملین ڈالر کی برآمدات کے ساتھ اسرائیل کا سب سے بڑا کوئلہ سپلائر ہے، جو مئی میں کولمبیا کی حکومت کے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے باوجود فعال ہے۔

کولمبیا کے پہلے بائیں بازو کے صدر اور اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے سخت ناقد گستاوو پیٹرو نے ہفتے کے روز کہا کہ اسرائیل کو کوئلے کی برآمدات اس وقت تک معطل رہیں گی جب تک نسل کشی بند نہیں ہو جاتی۔

ایک حکومتی حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ پابندیاں “عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کی طرف سے جاری کردہ اقدامات کے احکامات کی مکمل تعمیل تک برقرار رہیں گی. “

مئی کے اواخر میں، جنوبی افریقہ کی طرف سے زیر التوا مقدمے کے ایک حصے کے طور پر، آئی سی جے نے اسرائیل کو جنوبی غزہ کے شہر رفح پر اپنی کارروائی روکنے کا حکم دیا، جبکہ یرغمالیوں کی رہائی اور فلسطینی علاقے میں انسانی امداد کی ”بلا روک ٹوک فراہمی“ کا بھی مطالبہ کیا۔

کولمبیا کی حکومت کے مطابق کوئلے کی برآمد پر پابندی سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کے پانچ دن بعد نافذ العمل ہوگی اور اس سے ایسی اشیاء متاثر نہیں ہوں گی جو پہلے ہی شپمنٹ کے لیے کلیئر ہو چکی ہیں۔

Comments

200 حروف