پاکستان اور چین نے ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر، صنعت، توانائی، زراعت، میڈیا، صحت، پانی، سماجی و اقتصادی ترقی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے 23 مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے ہیں۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں میڈیا کو بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے چینی ہم منصب لی کیانگ کے درمیان جمعہ کو بیجنگ میں وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جس میں انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک چین اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ باہمی اعتماد، مشترکہ اصولوں اور اسٹریٹجک گورننس پر مبنی ہے۔
فریقین نے ایک دوسرے کے بنیادی مسائل کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اظہار کیا اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی اعلیٰ معیار کی ترقی اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں فریقین نے سی پیک کو مخالفین سے بچانے کے عزم کا اعادہ کیا اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں چینی اہلکاروں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں ممالک نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا جس میں تمام سطح اور شعبوں میں ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانا شامل ہے، اس کے علاوہ دوطرفہ اور عالمی اہمیت کے امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
Comments