پاک بحریہ کے جہاز اصلت نے جاپان میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس (جے ایم ایس ڈی ایف) کے جہاز سزانامی اور ہسپانوی بحریہ کے جہاز ایس پی ایس کینارس کے ساتھ بحر ہند میں ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول (آر ایم ایس پی) کے دوران جمعہ کو پیسیج مشقوں کا انعقاد کیا۔
پاک بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشقوں کا مقصد خطے میں کام کرنے والی بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانا اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مختلف بحری مشقوں کے انعقاد کے دوران خطے میں غیر قانونی سمندری سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں پر توجہ مرکوز کرنے والی ایک دوسرے کی حکمت عملی، تکنیک اور طریقہ کار کی تفہیم پیدا کرنے کا بھی موقع فراہم کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ گہرے سمندروں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر یقین رکھتی ہے۔
اعلامیے کے مطابق دیگر بحری افواج کے ساتھ باقاعدگی سے بات چیت سمندری سلامتی کو درپیش خطرات کے خلاف علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے مشترکہ مقصد میں پاکستان کے کردار کا اعادہ کرتی ہے۔
Comments
Comments are closed.