امریکہ نے جمعرات کو ڈیلاس میں پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کردیا اور ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری جیت حاصل کی۔

2009 کی چیمپیئن پاکستان نے خراب آغاز سے 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز کا ٹارگٹ دیا ، ہدف کے تعقب میں امریکہ نے آخری اوور میں 14 رنز بنا کر 3 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنالئے اور یوں میچ ٹائی ہوکر سپر اوور میں چلا گیا۔

سپر اوور میں میزبان ٹیم نے 18 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لئے 19 رنز کا ہدف دیا تاہم پاکستان سپر اوور میں 13 رنز ہی بنا سکا۔

امریکی کپتان اور میچ کے بہترین کھلاڑی مونک پٹیل نے کہا کہ پاکستان کو شکست دینا اور پہلی بار کھیلنا ایک بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح سے ہم نے آج کھیلا مجھے لڑکوں پر فخر ہے ۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنی ٹیم کی بیٹنگ کارکردگی پر افسوس کا اظہار کیا ۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو کریڈٹ جاتا ہے، انہوں نے آج بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا.

وہ کھیل کے تمام شعبے میں ہم سے بہتر تھے۔

ٹیکساس میں شدید گرمی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ابتدا ہی میں تین وکٹیں صرف 30 رنز پر گنوادیِں ۔ محمد رضوان 9 ، عثمان خان 3 اور فخر زمان 11 رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔ بابر اعظم 44 رنز بناکرتیز گیند باز جسدیپ سنگھ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ الباما میں پیدا ہونے والے بائیں ہاتھ کے آرتھوڈوکس اسپنر نوشتھوش کینجیگے نے شاداب خان کو 40 رنز پر اور اعظم خان کو صفر پر لگاتار گیندوں پر آؤٹ کرکے اپنے چار اوورز میں 30 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی نے دو چھکے اور ایک چوکا لگا کر اسکور کارڈ آگے بڑھایا اور ناٹ آؤٹ 23 رنز بنائے۔

امریکا کے اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں 36 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد پاکستان کو اسٹیون ٹیلر کی وکٹ کی صورت میں پہلی کامیابی ملی۔

اس کے بعد آندریز گوس اور کپتان کپتان مونانک پٹیل نے شاندار بلے بازی کی اور ٹیم کا اسکور 104 تک پہنچایا، جس کے بعد گوس 35 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

امریکا کی تیسری وکٹ کے لیے بھی پاکستان کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور شاندار 50 رنز بنانے والے مونانک پٹیل، محمد عامر کی وکٹ بن گئے۔

ابتدائی طور پر ناقص باؤلنگ کے بعد اس موقع پر پاکستانی باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کرائی اور اس کی جیت کے امکانات دکھائی دینے لگے۔

تاہم دوسری جانب امریکی بلے باز بھی صبر و تحمل سے اسکور آگے بڑھاتے رہے اور میچ کو دلچسپ مرحلے میں داخل کرا دیا۔

امریکا کو آخری اوور میں فتح کے لیے 15 رنز چاہیے تھے لیکن وہ حارث رؤف کے اس اوور میں ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 14 بنا سکی اور یوں میچ ٹائی ہوگیا۔

امریکا نے مقرر اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے اور اس کے پہلے میچ کے ہیرو ایرون جونز 36 اور 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے سپر اوور محمد عامر نے کرایا جو مہنگا ثابت ہوا اور امریکا نے 18 رنز بنا کر پاکستان کو 19 رنز کا ہدف دیا۔اگرچہ پاکستان نے دو باؤنڈریز لگائیں لیکن انہیں دوسرے سپر اوورتک جانے کے لیے آخری گیند پر 6 رنز کی ضرورت تھی اور وہ صرف ایک ہی رنز بنا سکے۔

Comments

Comments are closed.