بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اتحادیوں کی جانب سے نئی حکومت بنانے میں حمایت کی یقین دہانیوں کے بعد بدھ کے کاروباری روز بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں 3 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ گزشتہ 3 برسوں کے دوران اپنی بہترین پوزیشن پر آئی ہے۔

این ایس ای نفٹی 50 انڈیکس 3.4 فیصد بڑھ کر 22,620.35 پوائنٹس پر بند ہوا اور ایس اینڈ پی بی ایس ای سینسیکس 3.2 فیصد بڑھ کر 74,382 پوائنٹس پر بند ہوا۔ یکم فروری 2021 کے بعد سے نفٹی انڈیکس میں فیصد کے اعتبار سے بہترین اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب یونین کے بجٹ سے متعلق اعلانات نے مارکیٹ کو تقریباً 5 بڑھا دیا تھا۔

وزیر اعظم مودی کی جانب سے 8 جون کو غیر معمولی طور پر تیسری مدت کے لیے حلف اٹھائے جانے کی امید ہے جب کہ تلگو دیشم پارٹی اور جنتا دل (یونائیٹڈ) نے انتخابی نتائج کے ایک روز بعد اپنی حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ نتائج میں دیکھا گیا ہے کہ مودی سرکار پارلیمنٹ میں بھاری اکثریت سے محروم ہوگئی ہے۔

بینچ مارک انڈیکسز منگل کو تقریباً 6 فیصد کمی کے ساتھ بند ہوئے تھے اور یہ مارچ 2020 کے بعد سے اس کا بدترین سیشن ریکارڈ کیا گیا۔

ایچ ڈی ایف سی سیکیورٹیز کے ریٹیل ریسرچ کے سربراہ دیپک جسانی نے کہا کہ اتحادیوں کی طرف سے حمایت کی یقین دہانیوں نے مارکیٹ کو اعتماد دیا ہے کیونکہ اس کے ارد گرد غیر یقینی صورتحال تھی۔

ہیوی ویٹ بینک اسٹاک میں 4.5 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ مالیاتی خدمات کے انڈیکس میں 4.2 فیصد اضافہ ہوا۔ منگل کو دونوں انڈیکس تقریباً 8 فیصد گر گئے تھے۔

نفٹی وولاٹائل انڈیکس، جو کہ مقامی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کا ایک پیمانہ ہے، 27 مئی کے بعد سب سے کم 18.66 پر آ گیا تھا۔

دریں اثنا غیر ملکی سرمایہ کاروں نے منگل کو ریکارڈ 124.36 بلین روپے (تقریباً 1.5 بلین ڈالر) مالیت کے بھارتی حصص فروخت کیے اور یہ بات نیشنل اسٹاک ایکسچینج کے عارضی اعداد و شمار سے سامنے آئی۔

بروکریج کوانٹم سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر نیرج دیوان نے کہا کہ پالیسی فیصلوں کے بارے میں واضح ہونے تک کچھ سیکٹرل گردشیں ہوسکتی ہیں۔

کنزیومر گڈز اسٹاک میں 4 فیصف اضافہ ہوا جبکہ آٹو اسٹاک میں دیہی ڈیمانڈ کی توقعات پر 4.2 فیصد کا اضافہ ہوا۔ آئی ٹی اسٹاک میں 2.4 فیصد اضافہ ہوا۔

اڈانی پورٹس نے 8.5 فیصد اضافہ کیا اور پچھلے سیشن میں 21 فیصد سے زیادہ گرنے کے بعد نفٹی 50 انڈیکس میں سرفہرست رہا۔

کچھ تجزیہ کاروں نے یہ بھی کہا کہ بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں کمی اسٹاک خریدنے کا موقع فراہم کرسکتی ہے۔

گولڈ مین سیکس نے ایک نوٹ میں کہا کہ وسیع پالیسی کا تسلسل، میکرو اکنامک لچک اور مضبوط ترقی کے بنیادی اصولوں کو ہندوستانی ایکوئٹی کے لیے متعلقہ اپیل کو برقرار رکھنا چاہیے۔

Comments

200 حروف