حزب اللہ سے وابستہ ایک طبی تنظیم نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز جنوبی لبنان کے قصبے صدیقین پر اسرائیلی فضائی حملے میں 16 بچے زخمی ہوئے ہیں۔

اسلامک ہیلتھ کمیٹی کے ایک ذریعے نے اے ایف پی کو بتایا کہ زخمی بچوں کی عمریں 4 سے 14 سال کے درمیان ہیں، انہیں مقامی اسپتالوں میں علاج کے لیے لے جایا گیا ہے۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے کہا کہ ساحلی شہر طائر سے اندرون شہر پر حملہ ہفتے کے روز اسرائیل کی طرف سے کیے گئے حملوں میں سے ایک تھا۔ اس میں سات افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے شمالی اسرائیل کی جانب راکٹ فائر کیے جانے کے جواب میں جنوب کے کئی علاقوں میں ”حزب اللہ کے اہم ٹھکانوں“ کو نشانہ بنایا ہے۔

غزہ کی پٹی میں 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر فلسطینی گروپ کے حملے کے بعد سے حماس کی اتحادی حزب اللہ نے اسرائیل کے ساتھ روزانہ سرحد پار فائرنگ کا تبادلہ کیا ہے۔

اے ایف پی کے اعداد و شمار کے مطابق، تقریباً آٹھ ماہ کی چھڑپوں کے نتیجے میں لبنان میں تقریباً 450 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر جنگجو ہیں لیکن کم از کم 80 عام شہری بھی شامل ہیں۔

فوج کے مطابق اسرائیل میں کم از کم 14 فوجی اور 11 شہری مارے گئے ہیں۔

Comments

200 حروف