آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ میں پاک بھارت مقابلے سے قبل نیویارک کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی۔

امریکی ریاست نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے میری ٹیم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے ، عوامی تحفظ میری اولین ترجیح ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں کہ کرکٹ ورلڈ کپ ایک محفوظ اور پر لطف تجربہ ہو۔ فی الحال شہریوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

اے بی سی نیوز نے نیویارک سٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ کے بلیٹن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندعناصر نیویار شہر میں ٹورنامنٹ اور اس سے متعلقہ تقریبات کو پرتشدد کارروائیوں کے موقع کے طور پر دیکھ سکتے ہیں ۔

ناساو کاؤنٹی کے پولیس کمشنر پیٹرک رائیڈر نے کہا کہ ورلڈ کپ میں بھارت اور پاکستان کے میچ کے حوالے سے داعش خراساں کی جانب ست دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان ورلڈ کپ کے میچز، جو کشیدہ سیاسی تعلقات کی وجہ سے کئی سالوں سے دو طرفہ سیریز نہیں کھیل سکے ہیں، دنیا میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے کھیلوں کے مقابلوں میں سے ایک ہیں۔

نیو یارک اسٹیٹ پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے لئے اسکریننگ کے عمل میں اضافہ کرے۔

نواں ٹی 20 ورلڈ کپ یکم سے 29 جون تک جاری رہے گا جس میں 9 اسٹیڈیمز میں میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے 6 ویسٹ انڈیز اور 3 امریکا میں ہوں گے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان 9 جون کو ہونے والا میچ نیو یارک کی ناساو کاؤنٹی کے آئزن ہاور پارک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

Comments

200 حروف