جمعرات کی صبح اسرائیلی فوج نے کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس کے قریب کار ٹکرانے والے حملے میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے۔

فوج نے اس سے قبل بدھ کے روز نابلس کے باہر ایک اسرائیلی بستی کے قریب کار ٹکرانے والے حملے کی اطلاع دی تھی، بغیر یہ بتائے کہ ہلاک ہونے والے کون تھے۔

بعد میں انہوں نے ان کی شناخت سپاہی ایلیا ہلیل اور ڈیاگو شویشا ہرساج کے طور پر کی، دونوں کفیر بریگیڈ کے ارکان تھے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق فوج نے حملے کے ذمہ دار کی تلاش شروع کر دی ہے، یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب غزہ میں حماس کے خلاف اسرائیل کی جنگ کے پس منظر میں مقبوضہ مغربی کنارے میں تشدد بھڑک رہا ہے۔

حماس کے زیر انتظام علاقے کی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملے میں کم از کم 36,171 افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔

لڑائی شروع ہونے کے بعد سے مقبوضہ مغربی کنارے میں تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔

فلسطینی حکام کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں یا آباد کاروں کے ہاتھوں کم از کم 519 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کے روز ہلاک ہونے والوں کے علاوہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسی عرصے کے دوران فلسطینیوں کے حملوں میں کم از کم 12 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔

حماس نے نابلس کے قریب ہونے والے حملے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ ’دشمن کے جرائم‘ کے خلاف ’فطری ردعمل‘ ہے۔

Comments

200 حروف