حوثی جنگجوؤں نے تین مختلف سمندروں میں 6 بحری جہازوں پر حملے کیے ہیں جس میں مارشل آئی لینڈ کا جھنڈا لگا جہاز لاکس بھی شامل ہے۔ حوثیوں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے سے لاکس کو نقصان پہنچا ہے۔

مارشل آئی لینڈ کے جہاز لاکس پر حملہ منگل کو حملہ کیا گیا تھا۔ حوثیوں کے ترجمان یحیٰ ساری نے ٹیلی ویژن پر ایک تقریر میں کہا کہ حوثیوں نے بحیرہ احمر میں موریا اور سیلادی کمپنی کے جہازوں، بحیرہ عرب میں البا اور مارسک ہارٹ فورڈ اور بحیرہ روم میں منویرا انتونیا کے جہازوں کیخلاف بھی حملے شروع کردیے ہیں۔

حوثی جنگجو، جو اپنے حملوں کو اسرائیل کیخلاف غزہ جنگ میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر نتھی کرتے ہیں، نومبر سے بحیرہ احمر کے علاقے میں لگاتار ڈرون اور میزائل حملے شروع کر چکے ہیں جو اب بحر ہند تک پھیل گئے ہیں۔

انہوں نے بحیرہ روم میں بھی اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف جانے والے کسی بھی بحری جہاز پر حملہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

گروپ نے حملوں میں ایک جہاز کو غرقاب کردیا جبکہ ایک اور پر قبضہ کرلیا۔ حملوں میں عملے کے 2 ارکان ہلاک ہوگئے۔ حوثیوں کے حملوں سے جہاز قریبی نہر سوئز کا راستہ اختیار نہ کرنے پر مجبور ہوئے جبکہ افریقہ کے اطراف بھی جہاز رانی شدید متاثر ہوئی ہے۔

Comments

Comments are closed.