خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ
ایشیائی ٹریڈنگ میں بدھ کو تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ بڑے پروڈیوسر کی جانب سے اتوار کو ہونے والے اجلاس میں پیداوار میں کمی کو برقرار رکھنے کی توقع ہے۔
جولائی کے لئے برینٹ کروڈ کے سودے 18 سینٹ یا 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 84.40 ڈالر فی بیرل پر طے پائے ۔
اسی طرح جولائی کے لئے یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے سودے 28 سینٹ یا 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 80.11 ڈالر ریکارڈ کئے گئے۔
ایک دن پہلے دونوں بینچ مارکس میں 1 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ تاجروں اور تجزیہ کاروں کو توقع ہے کہ تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اور روس سمیت اس کے اتحادی، جسے اوپیک پلس کے نام سے جانا جاتا ہے، رضاکارانہ پیداوار میں کل 2.2 ملین بیرل یومیہ کٹوتی برقرار رکھیں گے ۔
دہلی کی ریسرچ فرم ایس ایس ویلتھ اسٹریٹ کی بانی سگندھا سچدیوا نے کہا کہ اوپیک پلس کے رکن ممالک کی جانب سے پیداوار میں کٹوتی کی توقع نے مارکیٹوں میں امید پیدا کردی ہے اور اس اقدام کو قیمتوں کو مستحکم کرنے اور عالمی تیل مارکیٹ کو دوبارہ متوازن کرنے کی ٹھوس کوشش کے طور پر دیکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ امریکہ میں موسم گرما کے ڈرائیونگ سیزن کے آغاز سے کھپت میں موسمی اضافہ ہوتا ہے اور عام طور پر خام تیل کی قیمتوں میں مثبت رفتار میں مدد ملتی ہے۔
پیر کو میموریل ڈے کی تعطیلات دنیا کے سب سے بڑے تیل صارف امریکہ میں سب سے زیادہ مانگ کے سیزن کے آغاز کا اشارہ دیتی ہے اور پیداوار میں کٹوتی کو برقرار رکھنے سے کھپت میں اضافے کے ساتھ قیمتوں کو سہارا ملنا چاہئے۔
اے این زیڈ بینک کے سینیئر کموڈٹی اسٹریٹجسٹ ڈینیئل ہینس نے ایک نوٹ میں کہا کہ ہوائی سفر بھی مضبوط رہا ہے۔
سرمایہ کار امریکی پٹرولیم انسٹی ٹیوٹ سے امریکی خام تیل کی انوینٹری کے اعداد و شمار پر بھی نظر رکھے ہوئے تھے۔
پیر کو میموریل ڈے کی تعطیل کی وجہ سے اعداد و شمار میں ایک دن کی تاخیر ہوئی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے ایک ابتدائی جائزے کے مطابق گزشتہ ہفتے امریکی خام تیل کے ذخیرے میں 19 لاکھ بیرل کی کمی متوقع تھی۔
سرمایہ کاروں کو اس ہفتے امریکی افراط زر کے اعداد و شمار کا بھی انتظار تھا جو فیڈرل ریزرو کی شرح سود میں کمی اور تیل کی قیمتوں پر اثر انداز ہونے کی توقعات کو متاثر کرسکتے ہیں۔
Comments
Comments are closed.