انگلینڈ نے دوسرے ٹی 20 میں پاکستان کو 23 رنز سے شکست دیکر چار میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی، طویل عرصے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کرنے والے انگلش فاسٹ بالر جوفرا آرچر نے پہلے ہی میچ میں 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ایجبسٹن کے میدان پر کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے 51 گیندوں پر 84 رنز بناکر مہمان ٹیم کو 184 رنز کا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

جواب میں مہمان ٹیم 4 گیندوں قبل ہی آؤٹ ہوگئی، جوفرا آرچر نے امریکہ میں ہونے والے ورلڈکپ میں انگلش ٹیم میں شمولیت کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں بخوبی سر انجام دیں۔

2019 میں انگلینڈ کو 50 اوور کا ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد سے انگلش فاسٹ بالر کہنی کی انجریز کا شکار ہیں۔

14 ماہ بعد عالمی کرکٹ اور 2020 کے بعد پہلی ہوم سیریز میں واپسی کا آغاز آرچر نے مہنگے اوور سے کیا، انہوں نے پہلے اوور میں 15 رنز دیے تاہم بعد کے اوورز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مجموعی 4 اوورز میں صرف 28 رنز دیے۔

گرین شرٹس کے سلامی بلے باز محمد رضوان کو معین علی نے پہلے ہی اوور میں آؤٹ کیا، ریس ٹوپلے نے 41 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی اننگز میں بٹلر تین چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 84 رنزبناکر سب سے کامیاب رہے۔

ول جیکس نے 37 اور جونی بیئرسٹو نے 21 بناکر ان کا بھر پور ساتھ دیا تاہم انگلش کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد دیگر بلے باز توقعات کے مطابق بیٹنگ نہ کرسکے۔

انگلینڈ کی مزید پانچ وکٹیں صرف 25 رنز کے اضافے کے دوران گریں کیوں کہ گرین شرٹس نے شاہین آفریدی کی صورت انگلینڈ کو مزید اسکور کرنے سے باز رکھا، انہوں نے 36 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

بدھ کو پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد انگلینڈ کو چار میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔

Comments

200 حروف