پنجاب حکومت نے شدید گرمی کے باعث صوبے بھر کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں 7 روزہ تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں تعطیلات کا اعلان کیا۔ رانا سکندر نے صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن شیئر کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی سکول 25 سے 31 مئی تک بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ نجی اسکولوں کو طلباء کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ شیڈول کے مطابق امتحانات لینے کی اجازت ہے۔
اس ہفتے کے شروع میں، پنجاب حکومت نے شدید گرمی کی لہر کے باعث 18 مئی سے 31 مئی تک تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کے اوقات کار میں کمی کردی تھی۔
جمعہ کے روز رانا سکندر حیات نے اعلان کیا کہ تمام سرکاری اور نجی اسکول پیر سے جمعرات اور ہفتہ صبح 7 بجے سے 11:30 بجے تک اور 18 سے 31 مئی کے درمیان جمعہ کو صبح 7 بجے سے صبح 10 بجے تک کام کریں گے۔
Comments
Comments are closed.