ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر حکام کے جاں بحق ہونے پر عالمی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے پیر کو کہا کہ وہ ہیلی کاپٹر کے حادثے میں رئیسی اور دیگر اہلکاروں کی موت پر غمزدہ ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ “مجھے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے کئی دیگر عہدیداروں کی المناک موت سے بہت دکھ ہوا ہے۔

انور ابراہیم نے اس سے قبل اپریل میں اسرائیل پر ایران کے بے مثال میزائل اور ڈرون حملے کو ”جائز“ قرار دیتے ہوئے دفاع کیا تھا۔

جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا، جنہوں نے حال ہی میں ایران کو برکس گروپ میں شمولیت کی دعوت دی، پیر کو صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔

رامافوسا نے 2015 میں نائب صدر کی حیثیت سے ایران کا دورہ کیا اور 2023 میں جوہانسبرگ میں برکس گروپ کے سربراہی اجلاس میں رئیسی کا خیرمقدم کیا، جہاں اسلامی جمہوریہ کو باقاعدہ طور پر شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

بیجنگ کی وزارت خارجہ کے مطابق، چین کے صدر شی جن پنگ نے پیر کو کہا کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ”المناک موت“ ”ایرانی عوام کے لیے بہت بڑا نقصان“ ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بِن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ صدر شی جن پنگ نے کہا کہ ان کی المناک موت ایرانی عوام کے لیے بہت بڑا نقصان ہے اور چینی عوام ایک اچھے دوست سے محروم ہو گئے ہیں۔

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ایوان صدر نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ ایرانی صدر اور تہران کے اعلیٰ سفارت کار جو اتوار کو ایک دردناک حادثے میں مارے گئے،ان کیلئے مصر انتہائی دکھ اور غم کے ساتھ سوگ منا رہا ہے۔

ترکیہ نے پیر کے روز کہا کہ اسے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی موت پر ”گہرا دکھ“ ہوا ہے۔

ترکی کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا کہ ”دوستانہ اور برادر ایرانی عوام کے دکھ درد میں شریک ہیں۔“

صدر رجب طیب اردگان نے سابق ٹویٹر ایکس پر کہا کہ ”میں اپنے پیارے ساتھی اور بھائی کے لیے خدا کی رحمت کی دعا کرتا ہوں“، دوستانہ اور برادرانہ لوگوں اور حکومت کے لیے خاص طور پر اسلامی جمہوریہ کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

دریں اثنا، حماس نے پیر کے روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی موت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں ان کو فلسطینی گروپ کا ایک ”معزز حامی“ قرار دیا۔

حماس گروپ نے رئیسی اور ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان کی فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی (اسرائیلی) جارحیت کو روکنے کے لیے شدید سیاسی اور سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔

اسی طرح لبنان میں حزب اللہ گروپ نے ایرانی صدر کی موت پر سوگ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خطے میں اسرائیل مخالف گروہوں کے ”محافظ“ کے طور پر سراہا۔

شام کے صدر بشار الاسد نے پیر کو قریبی اتحادی تہران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

شام کے ایوان صدر نے ایک بیان میں کہا کہ اسد نے اسلامی جمہوریہ ایران اور مرحوم کے اہل خانہ اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ شام کی یکجہتی کا اعادہ کیا، مزید کہا: “ہم نے شام اور ایران کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو یقینی بنانے کے لیے مرحوم صدر کے ساتھ کام کیا۔

یورپی یونین نے بھی ایرانی صدر کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مشیل نے ایک بیان میں کہا کہ ہم خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

ایران کے خلیجی ہمسایہ ممالک متحدہ عرب امارات اور قطر نے تعزیت کا اظہار کیا۔

اماراتی صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات، اس مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔

شیخ محمد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا، “میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے ساتھ والوں کے ایک المناک حادثے کے بعد انتقال پر ایرانی حکومت اور عوام سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

ایکس پر ایک اور بیان میں، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے اس خبر کو ”تکلیف دہ“ قرار دیتے ہوئے ”حکومت سے دلی تعزیت“ کا اظہار کیا۔

Comments

200 حروف