پاکستان

چینی کمپنی پاکستانی معدنیات میں سرمایہ کاری کی خواہشمند

  • وزیراعظم شہباز شریف سے چینی کمپنی ایم سی سی ٹونگسن ریسورسز کے وفد کی ملاقات ، سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا
شائع May 17, 2024

چینی کمپنی ایم سی سی ٹونگسن ریسورسز نے پاکستان میں معدنیات و کان کنی کے شعبے میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔

وزارت اطلاعات و نشریات کے ایک بیان کے مطابق اس دلچسپی کا اظہار ایم سی سی ٹونگسن ریسورسز کے چیئرمین وانگ جائی چینگ نے جمعہ کو اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں چینی کمپنی نے وزیراعظم کو پاکستان میں منرل پارک کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور مزید سرمایہ کاری کے منصوبے سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے چینی کمپنی کا خیر مقدم کرتے ہوئے چینی فرم کو پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق وزیرِاعظم نے چینی کمپنی کو معدنیات کے شعبے میں کان کنی سے لے کر برآمدی اشیا کی پیداوار تک سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافے کیلئے معدنیات نکالنے، ان کی پراسیسنگ اور ان کی مصنوعات کو برآمد کرنے کیلئے سرمایہ کاری کو مکمل سہولت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست اور ترقی میں اہم شراکت دار ہے۔ چین نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی جس پر پوری پاکستانی قوم چینی قیادت اور عوام کی شکر گزار ہے۔

ہمسایہ ممالک، پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات رہے ہیں جو گزشتہ چند دہائیوں میں نمایاں طور پر گہرے ہوئے ہیں۔

اس تعلقات کی بنیاد چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ہے، جو اربوں ڈالر کا انفرااسٹرکچر منصوبہ ہے۔

اس سے قبل پاک چین وزرائے خارجہ کے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے پانچویں دور کے دوران دونوں ممالک نے اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کی حمایت کے لیے بیجنگ کے آٹھ بڑے اقدامات کو مزید گہرا کرنے اور ثابت کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

Comments

Comments are closed.