چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے ’اپ گریڈڈ ورژن‘ کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کوششیں کرنے کو تیار ہے۔

وانگ یی نے بدھ کے روز بیجنگ میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔

واضح رہے کہ اسحاق ڈار پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے پانچویں اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کے لیے چار روزہ سرکاری دورے پر پیر کو بیجنگ پہنچے تھے۔

اپنے دورے کے دوران وزیر خارجہ چینی رہنماؤں اور سینئر حکام کے ساتھ ساتھ اہم کاروباری اداروں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

دریں اثناء اس سے قبل شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ سے ملاقات میں اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکیورٹی اور ترقیاتی تعاون کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر اور تنظیم کے بنیادی اصولوں پر پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

Comments

Comments are closed.