عالمی منڈی میں بدھ کو خام تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے کیوں کہ عالمی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کے اعداد و شمار میں مہنگائی برقرار رہنےکے سبب ترقی یافتہ ممالک میں مانگ کم رہنے کی پیشگوئی کی گئی تھی۔

بدھ کے روز مستقبل کیلئے برینٹ کروڈ کے سودے 54 سینٹ یا 0.6 فیصد کی کمی سے 81.84 ڈالر فی بیرل پر ہوئے جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ کے سودے 50 سینٹ یا 0.6 فیصد کی کمی سے 77.52 ڈالر فی بیرل پر ہوئے۔

عالمی توانائی ایجنسی نے بدھ کے روز 2024 میں تیل کی طلب میں اضافے سے متعلق اپنی پیشگوئی پر نظر ثانی کرتے ہوئے یومیہ طلب 140,000 بیرل سے کم کرتے ہوئے 1.1 ملین بیرل کردی ہے، اس کی وجہ ترقی یافتہ ممالک سے مانگی میں کمی بتائی گئی ہے۔

آئی ای اے نے مزید کہا کہ اس سال کی پہلی سہ ماہی میں ان ممالک میں تیل کی طلب میں کمی واقع ہوئی۔

مارکیٹ ذرائع نے منگل کو امریکی پیٹرولیم انسٹی ٹیوٹ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 10 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے میں امریکی خام تیل کی انوینٹریز میں 3.104 ملین بیرل کی کمی واقع ہوئی۔

ریفائنریز ایندھن کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے کوششوں میں اضافہ کر رہی ہیں جو شمالی نصف کرہ کے موسم گرما میں ڈرائیونگ سیزن کے نتیجے میں بڑھ رہی ہیں۔

پٹرول کی انوینٹریز میں 1.269 ملین بیرل کی کمی ہوئی اور ڈسٹلیٹس میں 673,000 بیرل کا اضافہ ہوا۔

امریکی حکومت کی انوینٹری کا ڈیٹا بدھ کو جاری کیا جارہا ہے جس میں خام تیل کے ذخیرے میں بھی کمی کا امکان ہے۔

Comments

Comments are closed.