اداریہ

جدید معاشی یا پھر وہی پرانا نظام ؟

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وفاقی چیمبر اور بزنس ریکارڈر کے اشتراک سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تین اہم...
شائع May 14, 2024

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وفاقی چیمبر اور بزنس ریکارڈر کے اشتراک سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تین اہم پالیسی اصلاحاتی اقدامات کی نشاندہی کی جن کی اشد ضرورت ہے، تین اہم پالیسی اصلاحاتی اقدامات میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کے تناسب کو بہتر بنانا، سرکاری ملکیت والے اداروں (ایس او ایز) کی تیزی سے نجکاری اور شعبہ توانائی شامل ہیں۔

ملکی اور بین الاقوامی ماہرین معاشیات بغیر کسی ہچکچاہٹ کے ان سے مکمل طور پر متفق ہوں گے۔ یہ کہنے کی ضرورت نہیں ہے کہ وہ پچھلی حکومتوں پر زور دے دیتے رہے ہیں کہ معیشت کے ان تینوں خراب کارکردگی والے شعبوں میں اصلاحات شروع کریں حالانکہ اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

ستم ظریفی یہ ہے کہ سابق وزرائے خزانہ نے کم از کم گزشتہ ڈیڑھ دہائی کے دوران ان اقدامات کی مکمل حمایت کی ، اگر ان کی تقرریوں کے موقع پر ان کے بیانات پر نظر ڈالی جائے تو ان کے بیانات مختلف نہیں تھے ۔ اس سوال کے دو محرکا ت ہیں : کیا اس بار اصلاحات کے لئے حکومت زیادہ پرعزم ہے کیوں کہ ملکی معیشت ان شعبوں میں نااہلیوں کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں ہے اور متعلقہ سوال یہ ہے کہ کیا یہ ان تینوں شعبوں میں پالیسی اقدامات کرنے کا مناسب وقت ہے۔

ٹیکس ٹو جی ڈی پی کا تناسب خوفناک حد تک کم ہے۔ تاہم کسی کو امید ہے کہ اصلاحات میں موجودہ ٹیکسوں میں اضافے پر توجہ مرکوز نہیں کی جائے گی، جس کا مطلب یہ ہوگا کہ بالواسطہ ٹیکسوں میں مزید اضافہ ہوگا جو اس وقت تمام وصولیوں کا 70 سے 75 فیصد سے زیادہ ہےجس کے اثرات امیروں کے مقابلے میں غریبوں پر زیادہ ہیں ۔

حکومت کی موجودہ توجہ چھوٹے تاجروں کی رجسٹریشن پر ہے جس کا تخمینہ 3.2 ملین لگایا گیا ہے، حالانکہ 30 اپریل 2024 کی ڈیڈ لائن تک صرف 75 تاجروں نے اندراج کرایا ہے، تاہم اس سلسلے میں مذاکرات شروع کیے گئے ہیں۔اس تناظر میں یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ ماضی میں فائلرز کی تعداد میں اضافے سے محصولات کی وصولی میں کوئی قابل ذکر اضافہ نہیں ہوا جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اب تک فائلرز میں اضافہ ان گروپوں کی طرف سے ہوا ہے جو ٹیکس ادا کرنے سے مستثنیٰ ہیں۔ خاص طور پر، بیواؤں / پنشنرز / طلباء جنہوں نے خریداری پر کم ود ہولڈنگ ٹیکس ادا کرنے کے لئے اپنے گوشوارے داخل کرائے۔

حکومت کو بلڈرز اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر ٹیکس لگانا شروع کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے ساتھ صوبائی حکومتوں کے ساتھ بات چیت شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ زرعی آمدنی پر اسی شرح سے ٹیکس لگایا جائے جو تنخواہ دار طبقے پر لگایا جاتا ہے۔

افسوس کی بات یہ ہے کہ حکومت نے بجٹ اخراجات کم کرنے کیلئے اقدامات کے بجائے نجکاری پر غیر معمولی توجہ دے رکھی ہے، یہ ایک ایسا تصور ہے جو 70 کی دہائی میں برطانیہ میں غالب آرہا تھا تاہم اس وقت کی وزیر اعظم مارگیٹ تھیچرائٹ نے اس کے بہت سے متوقع فوائد ہونے کے باوجود اسے مسترد کردیا تھا۔

فیصلہ سازوں کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ کسی بھی مجوزہ نجکاری کا تفصیلی جائزہ لیں، جس میں مستقبل کی آمدنی اور صارفین پر پڑنے والے اثرات بھی شامل ہیں۔اس سے پہلے کہ وہ ماضی کی فیشن ایبل پالیسی پر آنکھیں بند کر کے کام کریں جو اب حکومتوں کی توجہ کا مرکز نہیں رہی۔

علاوہ ازیں اس بات کے زبردست شواہد موجود ہیں کہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار نہیں ہے۔یہ سچ ہے کہ دوست ممالک نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ تاہم، کوئی امید کرے گا کہ تجربہ کار کارپوریٹ وکلاء کے ذریعہ معاہدوں کی احتیاط سے جانچ پڑتال کی جائے گی۔ بصورت دیگر، ملک کو ایسے معاہدوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو قومی مفاد میں نہیں ہیں۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی چھتری تلے 2014 سے 2017 کے دوران پاکستان میں لگائے گئے آزاد پاور پلانٹس (آئی پی پیز) کی مثال لے لیجیے جو ملک میں بجلی کے بحران کو ختم کرنے کے لئے ڈیزائن کیے گئے تھے۔ اس کے بجائے، انہوں نے مالی بحران کو جنم دیا کیونکہ ملک کے پاس ایندھن کی درآمد کے لئے غیر ملکی زرمبادلہ نہیں ہے جس میں ناکامی پر ادائیگی میں اضافہ ہوتا ہے یا ان منافع کی واپسی کی اجازت دی جاتی ہے جو معاہدے کے تحت طے شدہ تھے اور جو چینی آئی پی پیز کے ساتھ کافی ناراضگی کا باعث بن رہے ہیں.

پریشان کن بات یہ ہے کہ حکومت ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو فروخت کرنے پر غور کر رہی ہے اور یہ معاملہ گزشتہ چار سے پانچ حکومتوں سے زیر غور ہے۔ تاہم یہ امید کی جاتی ہے کہ ہر سال 500 ارب روپے سے زائد کی ناقص ٹیرف برابری سبسڈی کو ختم کیے بغیر سرکاری خزانے پر بوجھ کم ہونے کا امکان نہیں ہے۔

بزنس ریکارڈر موجودہ اور سابقہ حکومتوں پر زور دیتا رہا ہے کہ وہ ڈونر ایجنسیوں کے ساتھ فائدہ اٹھانے کی کوشش کو ترک کرتے ہوئے ایسے اقدامات اٹھائیں جو دہائیوں سے زیر غور ہیں لیکن سیاسی وجوہات کی بنا پر ان پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔ہماری معیشت کو خوشحالی کی راہ پر کون سی چیز ڈالے گی ، اس کے بارے میں سوچنا مشکل ہے۔

ایک قلیل سے درمیانی مدت کا طریقہ یہ ہوگا کہ موجودہ اخراجات کو کم کیا جائے ، خاص طور پر وہ جو اشرافیہ کے لیے مختص کیا جاتا ہے جس کیلئے خریداری اور تنخواہوں کے لحاظ سے رضاکارانہ قربانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ٹیکس دہندگان کی طرف سے ادا کی جانے والی ریاستی شعبے کی پنشن اصلاحات کو نافذ کرنا دوسرے ممالک کی طرح ملازمین کی شراکت کو لازمی بنا کر جس کے نتیجے میں خود بخود ملکی یا بین الاقوامی طور پر قرض لینے کی ضرورت میں کمی آئے گی اور اس طرح سالانہ مارک اپ میں کمی آئے گی۔ صرف یہ امید کی جا سکتی ہے کہ موجودہ وزیر خزانہ ڈونر کے پیچھے دوڑنے کے بجائے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے جس سے غربت کم کرنے میں خاطر خواہ مدد مل سکے گی ۔

Comments

Comments are closed.