اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ جنوبی غزہ شہر خالی کرنے کے حکم کے بعد رفح سے تقریبا 3 لاکھ افراد محفوظ مقام کی طرف چلے گئے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے ہفتے کو جاری بیان میں کہا گیا کہ اب تک تقریبا 3 لاکھ افراد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قائم کیے گئے محفوظ مقام المواسی منتقل ہوچکے ہیں۔

جمعے کو اقوام متحدہ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں رفح سے ایک لاکھ سے زیادہ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔

بیان کے مطابق فوج کی جانب سے انخلا کے حکم سے متعلق لوگوں کو پمفلٹ، موبائل ٹیکسٹ میسجز، فون کالز اور عربی میں نشریات کے ذریعے آگاہ کیا جاتا رہا۔

قابض فوج نے مصری سرحد سے ملحقہ رفح کراسنگ کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد پیر کے روز مشرقی رفح کو خالی کرنے کا حکم دیا تھا کیونکہ اس نے کئی ہفتوں سے رفح پر بڑے حملے کی دھمکی دی رکھی ہے جہاں 14 لاکھ فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے۔

قبل ازیں اسرائیلی فوج نے ہفتے کو بھی لوگوں کو مشرقی رفح اور شمالی غزہ کی پٹی کے مزید علاقوں سے نکل جانے کا حکم دیا کیوں کہ یہ حماس کیخلاف لڑائی تیز کرنا چاہتی ہے۔

انخلاء کے احکامات اور مشرقی رفح پر قابض فوج کی شدید بمباری نے بین الاقوامی سطح پر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

Comments

200 حروف