مارکٹس

زرمبادلہ ذخائر 2 سال کی بلند سطح پر

٭آئی ایم ایف سے 1.1 ارب ڈالر کی قسط ملنے کے بعد مجموعی ذخائر 9 ارب ڈالر سے بڑھ گئے
شائع May 9, 2024 اپ ڈیٹ May 10, 2024

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے پاس موجود زرمبادلہ ذخائر میں ہفتہ وار بنیادوں پر 1.114 بلین ڈالر کا نمایاں اضافہ ہوا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق اس اضافے کے بعد 3 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے اختتام پر زرمبادلہ ذخائر 9.12 بلین ڈالر تک پہنچ گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اس وقت کل مائع غیر ملکی ذخائر 14.46 بلین ڈالر ہیں۔ کمرشل بینکوں کے پاس موجود خالص غیر ملکی ذخائر 5.34 بلین ڈالر ہیں۔

حالیہ اضافے کے بعد اسٹیٹ بینک کے ذخائر تقریباً 2 برس کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئے ہیں کیوں کہ آخری بار 15 جولائی 2022 میں اسٹیٹ بینک کے پاس 9 ارب ڈالر سے زائد کے ذخائر تھے۔

مرکزی بینک نے کہا کہ ذخائر میں نمایاں اضافہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) سے ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر کی قسط ملنے کی تناظر میں ہے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے یہ ادائیگی 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائے ارینجمنٹ کی آخری قسط تھی۔

مرکزی بینک کے بیان میں کہا گیا کہ 3 مئی 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر 9,120.3 ملین امریکی ڈالر ہو گئے جس کی بنیادی وجہ آئی ایم ایف سے قسط کے طور پر 1.1 بلین امریکی ڈالر کی وصولی ہے۔

گزشتہ ہفتے پاکستان کے مرکزی بینک کے ذخائر میں 25 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔

30 اپریل کو 9 ماہ کے ایس بی اے پروگرام کی کی آخری قسط میں آئی ایم ایف سے پاکستان کو 1.1 بلین ڈالر موصول ہوئے۔ یہ پیشرفت آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے فنڈنگ کی منظوری کے بعد سامنے آئی ہے۔

اسٹیٹ بینک نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کی رقم 3 مئی 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے لیے اس کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ظاہر ہوگی۔

Comments

200 حروف