مارکٹس

فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 83 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری

٭ اطلاق مئی کے بلوں پر ہوگا۔ کے الیکٹرک صارفین، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور لائف لائن صارفین مستثنیٰ ہوں گے۔ نیپرا کا نوٹیفکیشن جاری
شائع May 8, 2024

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے مارچ 2024 کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ کوسٹ (ایف سی اے) کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں2 روپے 83 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ بدھ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اس کا اطلاق مئی 2024 کے بلوں پر ہوگا ۔

تازہ ترین لیوی ایکس واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ایکس ڈبلیو ڈسکوز) کے تمام صارفین پر لاگو ہوگا تاہم اس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

نیپرا نے ایکس واپڈا ڈسٹری کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مارچ 2024 میں صارفین کو بھیجے گئے بلوں کی بنیاد پر مئی کے بلوں میں ایف سی اے میں اضافہ الگ سے ظاہر کرے۔

اتھارٹی نے متعلقہ کمپنیز پر زور دیاہے کہ وہ فیول چارجز ایڈجسمنٹ کو مؤثر بنانے سے متعلق عدالتی حکامات کو مد نظر رکھیں اور اس پر سختی سے عمل پیراہوں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے سہہ ماہی ٹیرف ایڈجسمنٹ کے طریقہ کار کے تحت مالی سال کی تیسری سہ ماہی (جنوری تا مارچ 2024) کے لیے کے الیکٹرک اور ڈسکوز کے صارفین سے 52 ارب روپے کی اضافی رقم کی وصولی کے لیے 1.60 روپے فی یونٹ تک کی مثبت ایڈجسٹمنٹ بھی مانگی ہے۔

نیپرا 17 مئی 2024 کو سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹیڈ( سی پی پی اے-جی ) کی طرف سے دائر ڈسکوز کی درخواست پر عوامی سماعت کرے گا۔ 51.883 بلین روپے کی کل مانگی گئی ایڈجسٹمنٹ میں سے 31.348 بلین روپے پاور جنریشن پلانٹس کو ادا کیے جانے والے کیپسٹی چارجز کی مد میں ہیں۔

پچھلے مہینے بزنس ریکارڈر نے رپورٹ کیا کہ سی پی پی اے-جی نے ماہانہ فیول کوسٹ ایڈجسٹمنٹ کے طریقہ کار کے تحت اپریل 2024 میں ڈسکوز کے صارفین سے تقریباً 23 ارب روپے وصول کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

Comments

200 حروف