مارکٹس

سٹی فارما کا معروف چینی فارماسیوٹیکل کمپنی کے ساتھ جوائنٹ وینچر

مشترکہ کمپنی کا 65 فیصد کنٹرول لاہور میں قائم پاکستانی کمپنی کے پاس ہوگا
شائع May 7, 2024

لاہور میں قائم پاکستانی فارماسیوٹیکل کمپنی سٹی فارما لمیٹڈ نے چین میں دوا سازی صنعت کے معروف ادارے ہانگژو نیوسیا ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ جوائنٹ وینچر میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

سٹی فارما نے منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

کمپنی نے کہا کہETACI LIMITED (پبلک لمیٹڈ کمپنی) کے نام سے یہ جوائنٹ وینچر( مشترکہ کمپنی) اے پی آئی (ایکٹو فارماسیوٹیکل اجزاء) کے بقیہ حصے کی پیداوار پر توجہ مرکوز کرے گا جو فی الحال سٹی فارما لمیٹڈ تیار نہیں کررہی ہے۔

بیان کے مطابق سٹی فارما لمیٹڈ اس وقت تقریبا 20 سے 22 اے پی آئی تیار کرتی ہے، جو مختلف طبی ضروریات کو پورا کرتی ہے۔

سٹی فارما لمیٹڈ مؤثر طریقے سے اپنی مصنوعات کا دائرہ بڑھا رہا ہے اور ہانگژو نیوسیا ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ مجوزہ جوائنٹ وینچر کے ذریعے، اضافی 30 اے پی آئیز تیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس جوائنٹ وینچر کو آگے بڑھانے کا فیصلہ سٹی فارما لمیٹڈ کی پائیدار ترقی اور پاکستان کو ٹیکنالوجی کی منتقلی کے حوالے سے فعال نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔

’’ای ٹی اے سی آئی لمیٹڈ ’‘ کے قانونی ڈھانچے سے متعلق سٹی فارما لمیٹڈ نے کہا ہے کہ وہ 65 فیصد کنٹرول اپنے پاس رکھے گی جبکہ ہانگژو نیوسیا ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے پاس بقیہ 35 فیصد حصہ ہے۔

ای ٹی اے سی آئی لمیٹڈ کے ذریعے مقامی سطح پر اے پی آئی کا ایک بڑا حصہ تیار کرکے سٹی فارما لمیٹڈ درآمد شدہ مصنوعات پر اپنا انحصار کم کرے گا، جس سے لاگت کی کارکردگی میں بہتری آئے گی،رسد کے نظام کی لچک ( سپلائی چین ریزیلیئنس) میں اضافہ ہوگا اورامپورٹ بل میں کمی آئے گی۔

پاکستانی فارماسیوٹیکل کمپنی کا کہنا ہے کہ اس مشترکہ منصوبے سے سالانہ 15 ارب روپے سے زائد کا کاروبار متوقع ہے۔

اس سے فروخت کی تخمینی لاگت تقریبا 10.5 ارب روپے ہوگی جس کے نتیجے میں مجموعی منافع 4.5 ارب روپے ہوگا۔

مزید برآں، مشترکہ منصوبے سے سٹی فارما لمیٹڈ کے موجودہ بنیادی ڈھانچے اور وسائل سے فائدہ اٹھانے، آپریٹنگ لاگت کم کرنے اور پیداواری عمل ہموار ہونے کی توقع ہے۔

مزید برآں، یہ جوائنٹ وینچر 2030 ء کے لئے ہمارے وسیع تر وژن کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔

Comments

200 حروف