ایک ایسے وقت میں جب وفاقی حکومت اور وزیر خزانہ ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی کے تناسب کو بڑھانے کے لیے معیشت کو دستاویزی شکل دینے اور ویلیو چینز کو ڈیجیٹائز کرنے کی بات کر رہے ہیں، اسمگلنگ اور ٹیکس چوری عروج پر ہے۔

اس کے نتیجے میں، فارمل شعبے کے اثرات میں کمی، بلیک مارکیٹ کی توسیع، اور کمتر مصنوعات (خاص طور پر خوراک ) کی آمد میں اضافہ ہورہا ہے۔ اور ان تمام چیزوں کے ساتھ حکومت کو ریونیو جنریشن میں چیلنج کا سامنا رہے گا۔

حوالہ دینے کے لیے چند مثالیں موجود ہیں، وفاقی حکومت کو آئندہ بجٹ اور آئی ایم ایف (انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ) کے ساتھ مذاکرات میں اپنی حکمت عملی پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ وہ شعبے جو بظاہر متاثر ہوئے ہیں ان میں فارمل جوس کا شعبہ، ڈیری اور دیگر کھانے کی مصنوعات، تمباکو، پٹرولیم مصنوعات اور انکے مرکبات شامل ہیں۔

ملک میں ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ عروج پر ہے۔ یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ڈیزل کی اسمگلنگ مقامی ریفائنری انڈسٹری پر منفی اثر ڈال رہی ہے، جس کے نتیجے میں انکی اپ گریڈیشن اور جدید کاری کے منصوبے خطرے میں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ڈیزل مارکیٹ کا 30 فیصد حصہ اسمگل شدہ مصنوعات سے بھرا ہوا ہے، جس سے حکومت کو ماہانہ 17 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے جس کی وجہ سے غیر قانونی ویلیو چین فروغ پا رہی ہے۔

ایک اور مسئلہ تمباکو کا ہے جہاں حکومت نے گزشتہ سال ٹیکس میں 200 فیصد اضافہ کیا تھا لیکن حکومتی ریونیو میں اضافہ بہت محدود رہا کیونکہ اس اقدام کے نتیجے میں تمباکو کی دو بڑی کمپنیوں کی فروخت کے حجم میں 50 فیصد سے زائد کی کمی واقع ہوئی۔ مزید برآں، مارکیٹ شیئر پر اسمگل شدہ، جعلی، اور ڈیوٹی کے بغیر تمباکو کا راج ہے۔ یہ ایک بار پھر غیر قانونی ویلیو چین کو فروغ دے رہا ہے۔ حکومت نہ صرف ترقی کو کھو رہی ہے (ایل ایس ایم میں تمباکو کی پیداوار میں 40 فیصد کمی آئی ہے) بلکہ صارفین کو ایکسپائرڈ اور کمتر مصنوعات فراہم کی جارہی ہیں، جو کہ صحت کے لیے بھی زیادہ نقصان دہ ہیں۔

پھر فارمل جوس کی صنعت گزشتہ سال 20 فیصد ایف ای ڈی (فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی) کے نفاذ سے بری طرح متاثر ہوئی۔ جیسا کہ پہلے کہا گیا ہے، اس سال فارمل صنعت کے حجم میں 40 فیصد کمی آئی ہے اور مارکیٹ کا حجم یا تو سکڑ رہا ہے یا غیر قانونی کھلاڑیوں کے ہاتھوں میں جا رہا ہے۔ جی ایس ٹی (18 فیصد) اور ایف ای ڈی (20 فیصد) کا مجموعہ درحقیقت 42 فیصد بنتا ہے، اور یہ غیر دستاویزی شعبے کیلئے کم معیار کی مصنوعات کی فراہمی کی کافی بڑی ترغیب ہے۔ ان کے پاس قیمتیں کم کرنے اور باضابطہ مارکیٹ شیئر حاصل کرنے کے لیے کافی گنجائش ہے۔ جیسا کہ گرتی ہوئی قوت خرید کے دنوں میں، صارف سستی (لیکن غیر صحت بخش) مصنوعات کی طرف جا رہا ہے۔

ٹیکس کے نفاذ کے بعد فارمل جوس کی کھپت میں کمی کے واضح رجحانات ہیں۔ جب پیکڈ جوسز پر 5 فیصد ایف ای ڈی عائد کیا گیا، مثال کے طور پر، فارمل مارکیٹ کی فروخت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ ایف ای ڈی ہٹائے جانے کے بعد، نہ صرف فروخت بحال ہوئی بلکہ اگلے تین سالوں میں فروخت کے حجم میں شاندار اضافہ ہوا۔ سیلز 60 ارب روپے تک پہنچ گئی جبکہ اس صنعت میں 10,000 کے قریب افراد کو روزگار ملا۔ پلپ مارکیٹ میں پلیئرز کے آنے کے ساتھ فروٹ ویلیو چین کی بہت ضرورت تھی اور اس کے نتیجے میں فارم ٹو مارکیٹ پھلوں کے نقصانات کم ہو رہے تھے۔ اب 20 فیصد ایف ای ڈی کے نفاذ کے بعد نہ صرف حجم پانچ تہائی حصے پر آ گیا ہے بلکہ فروٹ ویلیو چین میں بھی خلل پڑرہا ہے۔ مثال کے طور پر 2020 میں صنعت نے گودا بنانے کے لیے تقریباً 100,000 ٹن آم اور دیگر پھل خریدے تھے اور اب اس میں 50 فیصد کمی آئی ہے۔

صنعت مقامی کھپت کے لیے غذائیت سے بھرپور اور محفوظ مصنوعات تیار کرنے کے ساتھ برآمدات کو بڑھانے کی اپنی صلاحیت کو کھو رہی ہے۔ زیادہ ایف ای ڈی حاصل کرنا ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن گیا ہے اور اس وجہ سے برآمدی صلاحیت پربھی سمجھوتہ کیا جا رہا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ لاگت کے فوائد کا تجزیہ کرتے ہوئے آئندہ بجٹ میں 20 فیصد ایف ای ڈی کی پالیسی پر نظر ثانی کرے۔

غیر قانونی مصنوعات کو فروغ دینے کی ایک اور مثال ایس آر او 237 کا نفاذ نہ ہونا ہے (درآمد شدہ مصنوعات کی 66 فیصد شیلف لائف ہونی چاہیے، ان میں اجزاء کا ذکر اردو اور انگریزی زبانوں میں ہونا چاہیے اور حلال سرٹیفیکیشن ہونا چاہیے)۔ ان پر عمل نہیں کیا جاتا، اور ایسا لگتا ہے کہ ایران سے ڈیری مصنوعات سمیت درآمد شدہ خوراک سے سپر مارکیٹیں بھر گئی ہیں ۔ ہو سکتا ہے کہ ان مصنوعات کی معیاد پہلے ہی ختم ہو چکی ہو اور یہ حلال نہ ہوں اور بلکل بھی ضروری نہیں کہ یہ مصنوعات صحت کے معیار کے مطابق ہوں۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ حکومت زیادہ ریونیو پیدا کرنے کے چکر میں فارمل صنعت پر ٹیکس لگا رہی ہے۔ جبکہ نفاذ کی غیر موجودگی میں غیر دستاویزی سیکٹر کو فروغ مل رہا ہے اور حکومت نہ صرف ممکنہ محصولات سے محروم ہو رہی ہے، بلکہ فارمل ویلیو چینز بھی ترقی نہیں کررہی ہے۔ جب کہ اسمگلنگ اور کمتر مصنوعات (بشمول جعلی) کی دستیابی بڑھ رہی ہے۔

اس کا نتیجہ یہ ہے کہ صارفین کے پاس غذائیت سے بھرپور مصنوعات (کھانے کے معاملے میں) کم ہیں اور غیر قانونی ویلیو چینز قائم ہو رہی ہیں،جہاں یہ بلیک مارکیٹیں دہشت گردوں اور منشیات فروشوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رہی ہیں۔

اب وقت آگیا ہے کہ وزیر خزانہ حکمت عملی پر نظر ثانی کرکے ٹیکسوں کو کم اورقانون کے نفاذ کو بہتر کریں۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف