نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے وائس چیئرمین ژینگ جیان بینگ نے اتوار کے روز چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تمام منصوبوں کو مکمل کرنے اور مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
گیمبیا کے شہر بنجول میں 15ویں او آئی سی اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر ہونے والی ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے چین کے بنیادی معاملات میں پاکستان کی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا اور قریبی اقتصادی تعاون کے ذریعے باہمی تعلقات کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ وائس چیئرمین ژینگ جیان بینگ نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور ترقی کے لیے چین کی حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں ممالک نے پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی توثیق کی اور پاکستان کی پارلیمنٹ اور چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کے درمیان گہرے تعلق پر تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار اور ژینگ نے او آئی سی کے ساتھ چین کے بڑھتے ہوئے تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی امن اور خوشحالی کے لیے بات چیت اور افہام و تفہیم کی اہمیت پر زور دیا۔
Comments
Comments are closed.