فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) 1.4 ملین نان فائلرز کے خلاف سمز کو بلاک کرنے کی کارروائی کر سکتا ہے،ایسے افراد جن کے نام ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ (اے ٹی ایل) میں ظاہر نہیں ہو رہے ہیں۔

سینئر ٹیکس ماہراور پی بی سی کور ٹیکس کمیٹی، آئی سی اے پی کی مالیاتی قوانین کمیٹی کے رکن آصف ایس کسبتی نے رابطہ کرنے پر کہا کہ ایف بی آر نے انکم ٹیکس جنرل آرڈر - ITGO 1 مورخہ 29 اپریل 2024 کو جاری کیا ہے تاکہ ٹیکس سال 2023 کے لیے اے ٹی ایل میں ظاہر نہیں ہونے والوں پرریٹرن فائل کرنے کو نافذ کیا جا سکے، تاکہ انکم ٹیکس ایکٹو ٹیکس لسٹ ( اے ٹی ایل) میں شامل نہ ہونے والی 507,000 سموں کو بلاک کیا جا سکے۔ توقع ہے کہ جلد ہی اسی طرح کے ITGOs کے اجراء کے ذریعے نان فائلرز کی 893,000 سے زیادہ سمز کو بلاک کر دیا جائے گا۔

انہوں نے پیش گوئی کی کہ اے ٹی ایل پر موجود نہیں ہونے کی وجہ سے 1.4 ملین سے زیادہ کی سمیں بلاک کی جا سکتی ہیں حالانکہ ایف بی آر نے ITGO کو 506,671 افراد کے حوالے سے موبائل فون سموں کو غیر فعال کرنے کے لیے جاری کیا ہےجو اے ٹی ایل پر موجود نہیں ہے لیکن انکم ٹیکس آرڈیننس کی دفعات کے تحت 2023 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

آصف ایس کسبتی نے کہا کہ ایک یا زیادہ ITGO تقریباً 835,000 یا اس سے زیادہ کے لیے جاری کیے جا سکتے ہیں، کیونکہ ٹیکس سال 2023 کے لیے 30 اپریل 2024 تک اے ٹی ایل کے درمیان فرق 4,073,068 ہے جب کہ ٹیکس سال 2022 کے ٹیکس دہندگان کے مقابلے میں یکم جنوری 2024 کو 5,416,068 کا اے ٹی ایل اس سے بھی زیادہ ہے، پہلے سے جاری کردہ جنرل آرڈر میں صرف 506,071 شناختی کارڈ ظاہر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ایف بی آر کا مقصد ان ٹیکس دہندگان کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانا ہے جنہوں نے ٹیکس سال 2022 کے ریٹرن جمع کرائے لیکن ٹیکس سال 2023 کے ریٹرن فائل نہیں کیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 15 جون 2024 تک باقی 893,000 یا اس سے زیادہ افراد کو پرانے ٹیکس دہندگان کے طور پر بلاک کیا جا سکتا ہے، لیکن اس کا مقصد ٹیکس کی بنیاد کے وسیع کرنا نہیں ہوسکتا۔ 507,000 کی سمیں 15 مئی 2024 تک بلاک کی جا سکتی ہیں۔پی ٹی اے اور تمام ٹیلی کام آپریٹرز کیلئے ضروری ہے کہ وہ فوری طور پر ITGO کی تعمیل کو یقینی بنائیں۔ ان افراد کے حوالے سے موبائل سمز اس وقت تک بلاک رہیں گی جب تک کہ ایف بی آر یا کمشنر ان لینڈ ریونیو اس شخص کے حوالے سے فیصلے پر نظرثانی نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کے فراہم کنندگان اور خریداروں کے پاس انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس رجسٹریشن ہے۔ جسے https://e.fbr.gov.pk/esbn/Verification# لنک سے چیک کیا جا سکتا ہے تاکہ بعد کے مسائل سے بچا جا سکے۔ عدم دستیابی کی صورت میں فوری طور پر آئی ٹی اور ایف ایس ٹی کے لیے رجسٹر ہوں۔ فوری انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کی رجسٹریشن اور فائلنگ کیلئے انہوں نے 1.4 ملین افراد کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ٹیکس ایڈوائزر سے فوری رابطہ کریں۔

ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے حوالے سے، انہوں نے پہلے 50 لاکھ ٹیکس دہندگان کے لیے پیش گوئی کی تھی، جو سچ ثابت ہو رہی ہے اور اب وہ 31 دسمبر 2024 تک 60 لاکھ تک بڑھنے کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔ تاہم،ایف بی آر ود ہولڈنگ ٹیکس کی ڈیٹا مائننگ کے ذریعے ٹیکس کی بنیاد کے عمل کو وسیع کرکے، نادرا ساتھ کوآرڈینیشن کرکے، پراپرٹیز اور گاڑیوں کے لیے صوبائی ریونیو اتھارٹیز سے تعاون کرکے اور ٹیر 1 تاجروں کو زیادہ سے زیادہ ٹیکس نیٹ میں لاکر اے ٹی ایل پر پہلے ساٹھ لاکھ ٹیکس دہندگان کا ہدف حاصل کرسکتا ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ ایف بی آر کے سابق مشیر ڈاکٹر وقار مسعود نے دسمبر 2020 میں 7.4 ملین نان فائلز کا تخمینہ لگایا تھا۔ جون 2021 میں، سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے 15 ملین ممکنہ نان فائلرز کی نشاندہی کی تھی۔

ماضی کی کسی بھی سیاسی حکومت نے یہ مقصد حاصل نہیں کیا۔

دریں اثنا، ایف بی آر کی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے، ٹیکس کی تعمیل کو بڑھانے اور انکم ٹیکس آرڈیننس، 2001 کی دفعات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ان افراد کے حوالے سے انکم ٹیکس جنرل آرڈر (ITGO) جاری کیا ہے جو فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست میں ظاہر نہیں ہو رہے ہیں لیکن ٹیکس سال 2023 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے پابند ہیں۔

انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 114B کے ذریعے حاصل کردہ اختیار کے تحت، ایف بی آر نے مذکورہ زمرے کے تحت آنے والے 506,671 افراد سے وابستہ موبائل فون سمز کو غیر فعال کرنے کا حکم جاری کرکے فیصلہ کن کارروائی کی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد ان افراد کو اپنی ٹیکس ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور ملک کی اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالنے کی ترغیب دینا ہے۔

Comments

200 حروف