وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری اور منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے ساتھ سعودی عرب کے تجارتی وفد کی اسلام آباد آمد اور شعبوں میں متوقع سرمایہ کاری کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سعودی تجارتی وفد آئندہ چند روز میں پاکستان پہنچے گا ۔ اس پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سعودی وفد کی بہترین مہمان نوازی کی جائے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے حوالےسے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر قسم کے تعاون کی پیشکش کی جو کہ خوش آئند ہے ۔ وہ پرامید ہیں کہ سعودی وفد سے پاکستانی تاجروں کی ملاقاتیں نتیجہ خیز ثابت ہوں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستان خوش قسمت ہے جسے سعودی عرب جیسا خیرخواہ دوست میسر ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد و وزیرِاعظم محمد بن سلمان پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اس کی ترقی و خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024
Comments
Comments are closed.