انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) میں چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر اتوار کی رات آپریشن کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فوجی دستوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا موثر انداز میں پتہ لگایا۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ یہ دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

علاقے کے مقامی لوگوں نے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا، جو ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

فوج کے میڈیا امور ونگ نے کہا کہ 25 اپریل کو بھی خیبر پختونخواہ کے خیبر ضلع میں ایک آپریشن میں سیکورٹی فورسز نے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔

فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والوں میں دو دہشت گرد سرغنہ سہیل عرف عظمتو اور حاجی گل عرف زرکاوی شامل ہیں۔

Comments

200 حروف