پاکستان

عدالتی امور میں مداخلت، اسلام آباد ہائیکورٹ کا ادارہ جاتی ردعمل دینے کا فیصلہ

اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ مستقبل میں عدالتی کام میں مداخلت کی صورت میں ادارہ جاتی...
شائع April 24, 2024

اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ مستقبل میں عدالتی کام میں مداخلت کی صورت میں ادارہ جاتی جواب دیا جائے گا۔

ہائیکورٹ نے منگل کو عدالتی کاموں میں ایجنسیوں کی مداخلت سے متعلق معاملے میں سپریم کورٹ میں پیش کرنے کیلئے تجاویز پر غور کرنے اور انہیں حتمی شکل دینے کیلئے ایک فل کورٹ میٹنگ کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس سمیت آٹھ جج ہیں۔ تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والی میٹنگ میں تمام ججز نے شرکت کی اور تجاویز کو حتمی شکل دی۔ ہائیکورت کے رجسٹرار سمیت کسی اہلکار کو میٹنگ میں موجود ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ فل کورٹ کے شرکاء نے مستقبل میں عدالتی امور میں کسی بھی مداخلت پر متفقہ ردعمل دینے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے متفقہ طور پر تمام تجاویز سپریم کورٹ کو بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا اور فل کورٹ میں کسی جج کی تجویز پر کوئی اختلاف نہیں تھا۔

سپریم کورٹ نے ججوں سے کہا تھا کہ وہ 25 اپریل تک اپنی تجاویز پیش کریں۔ لہٰذا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں ایجنسیوں کی مبینہ مداخلت کے خاتمے کے لیے تجاویز پر غور کرنے کے لیے ہائی کورٹ کے کانفرنس روم میں فل کورٹ کا اجلاس بلایا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے عہدیداروں نے میڈیا کو بتایا کہ رجسٹرار آفس نے عدالت عظمیٰ کے حکم کو ججوں کے درمیان پیش کیا اور آخری تاریخ تک ان سے حتمی تجاویز طلب کیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ انتظامیہ اب سپریم کورٹ کے سامنے ایک جامع رپورٹ پیش کرے گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججوں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس سمن رفعت امتیاز نے 25 مارچ کو سپریم جوڈیشل کونسل (ایس جے سی) کو خط لکھا تھا۔ خفیہ ایجنسیوں کے کارندوں کی مبینہ مداخلت اور دھمکی کے خلاف۔ خط میں انہوں نے عدالتی کاموں میں انٹیلی جنس اداروں کی مداخلت پر رہنمائی مانگی تھی۔

سپریم کورٹ نے عدالتی معاملات میں مبینہ مداخلت کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ کے آٹھ میں سے چھ ججوں کے خط پر از خود کارروائی شروع کی۔ 3 اپریل کے اپنے حکم میں، سپریم کورٹ نے عدالتی نظام اور عدلیہ کی آزادی کے اہم اسٹیک ہولڈرز، یعنی پاکستان بار کونسل (پی بی سی)، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ( ایس سی بی اے)، ہائی کورٹس اور وفاقی حکومت سے تجاویز طلب کیں۔ .

حکم میں لکھا تھا کہ تجویز کرنا چاہئے کہ (اسلام آباد ہائیکورٹ ججوں کے) خط میں اٹھائے گئے مسائل کو حل کرنے کے لئے ادارہ جاتی ردعمل اور طریقہ کار کیا ہونا چاہئے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ مستقبل میں اس طرح کے مسائل پیدا نہ ہوں اور اگردوبارہ ایسا ہوتا ہے تو ذمہ داری کا تعین کرکے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔تجاویز کا مقصد ہائی کورٹس اور ان کے چیف جسٹسوں کو ججوں سے متعلق مسائل سے نمٹنے کے لیے بااختیار بنانا ہو۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر،

Comments

200 حروف