وزیر اعظم کااسمگلنگ کے جڑ سے خاتمے کا عزم
- سہولت کار افسران کو عہدے سے ہٹاکر محکمانہ کارروائی کی ہدایت
وزیر اعظم شہباز شریف نے اسمگلنگ کے جڑ سے خاتمے کے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اسمگلنگ کے خلاف ملک گیر مہم تیز کرنے کی ہدایت کردی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انٹیلی جنس ادارے ایک دوسرے سے تعاون کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اعلی سطح جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم کو اسمگلنگ، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال، منشیات، اشیائے خورونوش بشمول چینی، گندم، کھاد ، پیٹرولیم مصنوعات اور غیر قانونی اسلحے کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے حوالے سے اے ڈی خواجہ کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد قومی انسداد اسمگلنگ حکمت عملی آخری مراحل میں ہے جسے جلد منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا ۔ بتایا گیا کہ دو روز قبل قانون نافذ کرنے والے اداروں اور کسٹمز کی مشترکہ کارروائی میں مستونگ میں اسمگلنگ کے گودام پر چھاپا مارا گیا جس میں ضبط شدہ اسمگل اشیاء کی مالیت تقریباً 10 ارب روپے سے زائد ہے۔
وزیر اعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کرتے ہوئے انسداد اسمگلنگ کی کوششوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
شہباز شریف کو یہ بھی بتایا گیا کہ اسمگلروں، ذخیرہ اندوزوں اور ان کے سہولت کار افسران کی فہرست تیار کر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صوبوں کو فراہم کر دی گئی ہیں۔
وزیرِ اعظم نے نشاندہی شدہ افسران کو عہدے سے فوراً ہٹانے اور محکمانہ کارروائی کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس اداروں کو اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کی ہدایت کی۔
انہوں نے اسمگلروں اور منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو قرار واقعی اور مثالی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔ اس حوالے سے وزیرِ اعظم نے وزرات قانون و انصاف کو فوری طور پر ضروری قانون سازی کی ہدایت کی۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سرحدی علاقوں میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے نوجوانوں کو روزگار کے متبادل مواقع فراہم کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔
شہباز شریف نے کسٹمز حکام کو ہدایت کی کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر نظر رکھنے والے نظام کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کریں۔
وزیرِ اعظم نے قومی سطح پر منشیات کے استعمال کی جانچ کیلئے سروے کیلئے فوری طور پر فنڈز جاری کرنے کی ہدایت جاری کر دی ۔
وزیرِاعظم نے چینی کی مکمل طور پر اسمگلنگ روکنے کی ہدایت بھی جاری کیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر /2024
Comments
Comments are closed.