امریکی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار کو ٹیلیفون، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جمعہ کو ٹیلی فون کیا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری...
شائع April 6, 2024

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جمعہ کو ٹیلی فون کیا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں اطراف نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔

دونوں وزراء خارجہ کے درمیان بات چیت میں تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے، موسمیاتی تبدیلی، زراعت اور سکیورٹی سمیت دوطرفہ امور کی ایک وسیع رینج زیر بحث آئی۔

علاقائی اہمیت کے مختلف امور بشمول غزہ کی صورتحال، بحیرہ احمر اور افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں فریقوں نے دو طرفہ تعلقات میں موجودہ مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزراء خارجہ کے درمیان بات چیت دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان سفارتی رابطوں کے حالیہ تبادلوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ صدر جو بائیڈن نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ایک خط لکھا جس میں مشترکہ مفادات پر نو منتخب حکومت کے ساتھ کام کرنے کےعزم کا اعادہ کیا گیا۔

بعدازاں وزیر اعظم شہباز نے صدر بائیڈن کوخط لکھا جس میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

دریں اثنا، ترجمان محکمہ خارجہ میتھیو ملر کے ایک بیان میں کہا گیا کہ انٹونی بلنکن نے جمعہ کو وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بات چیت کی۔ بلنکن نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان ایک مضبوط شراکت داری کے لیے ہمارے عزم کا اعادہ کیا۔

بلنکن نے انسداد دہشت گردی، تجارت اور سرمایہ کاری کی شراکت داری کو وسعت دینے ، خواتین کی اقتصادی سلامتی اور بااختیار بنانے کے سلسلے میں جاری تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

Comments

Comments are closed.