آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس اپریل کے آخر میں متوقع
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت کی جانب سے کی گئی اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نئے پروگرام پر بات چیت کرنے کے لیے آمادگی ظاہر کر دی ۔
آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اپریل کے آخر میں متوقع ہے جس پر پاکستان کو تقریباً 1.1 بلین ڈالر کی ادائیگی ہوگی۔
یہ بات آئی ایم ایف کی کمیونیکیشن ڈائریکٹر جولی کوزیک نے میڈیا بریفنگ میں کہی۔
19مارچ کو آئی ایم ایف اور پاکستان کےدرمیان اسٹاف لیول معاہدہ ہوا ۔
معاہدے کے تحت آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے پاکستان کو تقریباً 1.1 ارب ڈالر تک کی ادائیگی ممکن ہوگی اور اس سے ایس بی اے کے تحت کل ادائیگی تقریباً 3 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ بورڈ کا اجلاس اپریل کے آخر میں ہوگا۔
کوزیک نے کہا کہ نئی حکومت کی معاشی اصلاحات سےمتعلق کوششوں کو سراہتے ہیں، پہلے جائزے کے بعد پاکستان کی اقتصادی اور مالیاتی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔
پاکستان کےساتھ آئندہ مہینوں میں نئےپروگرام پربات کرنےکوتیارہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقی اور اعتماد کی بحالی جاری ہے، ہم آئندہ ہفتوں میں اپنے ورلڈ اکنامک آؤٹ لک میں پاکستان کے لیے پیشن گوئی جاری کریں گے۔
کوزیک نے اس بات کا اعادہ کیا کہ واشنگٹن میں مقیم قرض دہندہ پاکستانی حکام کے ساتھ نئے پروگرام ہر بات چیت کے لیے تیارہیں۔
“حکام نے پاکستان کے مالی اور بیرونی استحکام کے چیلنجز کو حل کرنے اور جامع ترقی کی بنیاد رکھنے کے مقصد کے ساتھ آئی ایم ایف کے تعاون سے آنے والے پروگرام میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
واضح رہے کہ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں ہفتہ وار بنیادوں پر 19 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا، جو 29 مارچ تک 8.04 بلین ڈالر تک پہنچ گیا ہے ۔
اس وقت پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر13.38 ارب ڈالر ہیں جب کہ کمرشل بینکوں کے پاس 5.34 ارب ڈالرموجود ہیں ۔
ملکی زرمبادلہ ذخائر اب بھی کم ہیں تاہم پاکستان پہلے ہی آئی ایم ایف کے ایک اور بیل آؤٹ کی ضرورت کو سامنے لا چکا ہے۔
ورلڈ بینک اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس20اپریل کو شیڈول ہے۔ توقع ہے کہ وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
Comments
Comments are closed.