کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں کپاس کی آمد 29 فروری کے مقابلے میں 31 مارچ 2024 تک 0.05 فیصد کے معمولی اضافے کے ساتھ بڑی حد تک جمود کا شکار رہی۔ جمعرات کو پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن نے اعداد و شمار جاری کردیے ۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کپاس کی کل آمد 8.397 ملین گانٹھوں تک پہنچ گئی جو 29 فروری 2024 کو ریکارڈ کی گئی 8.393 ملین گانٹھوں کے مقابلے میں 0.004 ملین زائدہے۔

تاہم سالانہ بنیاد پر روئی کی آمد میں31 مارچ 2023 کو رجسٹرڈ 4.912 ملین گانٹھوں کے مقابلے میں تقریباً 71 فیصد اضافہ ہوا ۔

واضح رہے کہ سیلاب نے ملک میں خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں زرعی اراضی کے بڑے حصے کو تباہ کر دیا ہے جس سے کپاس کی فصل شدید متاثر ہوئی اوراس میں سالانہ 34 فیصد تک کی کمی دیکھی گئی۔

کپاس کی آمد میں بہتری جو کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے ضروری خام مال ہے، پاکستان کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔

ملک کا اہم ٹیکسٹائل سیکٹر جو پاکستان کی برآمدات میں بڑا حصہ دار ہے ، طلب میں کمی اور توانائی کی بڑھتی قیمتوں کے نتیجے میں مشکلات کا شکار ہے۔

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن جو پاکستان کے سب سے بڑے صنعتی شعبے کی نمائندگی کرتی ہے، نے کئی بار حکام پر غیر پیداواری شعبوں کو دی جانے والی کراس سبسڈیز کو ختم کرنے پر زوردیا ہے ۔

فروری میں، اپٹما نے خبردار کیا تھا کہ اگر اصلاحی اقدامات فوری طور پر نہ کیے گئے تو آنے والے ہفتوں میں ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے کی 50فیصد سے زائد صنعتیں بند ہو سکتی ہیں۔

اپٹما نے کہا کہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے سےپاکستان ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات کی بین الاقوامی مسابقت کو مسلسل ختم کیا جا رہا ہے۔

پی سی جی اے کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب اور سندھ سے کپاس کی آمد میں کوئی تبدیلی نہیں ۔

31 مارچ تک پنجاب میں روئی کی آمد صرف 0.1 فیصد اضافے سے 4.282 ملین گانٹھوں پر پہنچ گئی جبکہ 29 فروری 2024 کو 4.278 ملین گانٹھوں کی آمد ہوئی۔

سالانہ بنیادوں پر، پنجاب سے روئی کی آمد میں 41.2 فیصد کا اضافہ ہوا۔

اسی طرح سندھ میں روئی کی آمد 29 فروری تک 4.115 ملین گانٹھوں پر برقرار رہی۔

تاہم، سندھ میں سالانہ اضافہ زیادہ واضح تھا، کیونکہ ایل پی ایل وائے میں رجسٹرڈ 1.879 ملین گانٹھوں کے مقابلے کپاس کی آمد میں 119 فیصد اضافہ ہوا۔

Comments

Comments are closed.