وزارت پیٹرولیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے جمعے کو امریکہ کو پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے، جس میں تیل، گیس اور قابل تجدید توانائی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ یہ اقدام پاکستان کے شہریوں کے لیے پائیدار ترقی اور سستی توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے جمعے کو امریکی خاتون ناظم الامور نیٹلئ بیکر سے ملاقات کے دوران دی۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع اور پاکستان کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پالیسی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

علی پرویز ملک نے توانائی کے چیلنجز سے نمٹنے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم امریکہ کو ترقی میں ایک کلیدی شراکت دار کے طور پر دیکھتے ہیں اور تیل، گیس اور قابل تجدید توانائی میں مشترکہ منصوبوں کے منتظر ہیں۔

وفاقی وزیر نے امریکی حکومت کی مسلسل مصروفیت کا خیر مقدم کیا اور آئندہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں اعلیٰ سطح امریکی وفد کی شرکت کو سراہا۔ اس موقع پر ایرک میئر، جو جنوبی اور وسطی ایشیا کے لیے ایکٹنگ اسسٹنٹ سیکرٹری ہیں، اس ایونٹ میں شرکت کریں گے، جو کہ ایک طویل وقفے کے بعد امریکی وزارتِ خارجہ کے سینئر افسر کا اہم دورہ ہوگا۔

بیکر نے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے پاکستان کی معاشی بحالی اور اصلاحات کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے کے لئے امریکی حمایت کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی خدمات کا اعتراف کرتا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ وسیع تر تعاون کے لئے اس بنیاد کو مزید مضبوط کیا جائے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں معزز شخصیات نے توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے اور اس شعبے میں امریکہ اور پاکستان کی شراکت داری کے لئے نئی راہیں تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔

Comments

200 حروف