بینک الفلاح لمیٹڈ (بی اے ایف ایل) نے کہا ہے کہ سری لنکا کے ہیٹن نیشنل بینک (ایچ این بی) نے بنگلہ دیش میں بی اے ایف ایل کے آپریشنز کے ساتھ آگے نہ بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بینک الفلاح لمیٹڈ (بی اے ایف ایل) نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو اپنے نوٹس میں کہا کہ ہم اس بات کا حوالہ دیتے ہیں جو 26 اگست 2024 اور 15 نومبر 2024 کو بینک الفلاح کی جانب سے اہم معلومات کے انکشافات میں کی گئی تھیں، جن میں سری لنکا کے ہیٹن نیشنل بینک (ایچ این بی) کی طرف سے بی اے ایف ایل کے بنگلہ دیش آپریشنز کے حصول کے لیے نان بائنڈنگ آفر اور پاکستان و بنگلہ دیش کے مرکزی بینکوں کی طرف سے ایچ این بی کو بینک الفلاح کے بنگلہ دیش آپریشنز پر ڈیو ڈلیجنس شروع کرنے کی اصولی منظوری دی گئی تھی۔“

بینک نے مزید بتایا کہ ایچ این بی کے سی ای او نے مطلع کیا ہے کہ ان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 2 اپریل کو ہونے والے اپنے اجلاس میں بنگلہ دیش میں بینک الفلاح کے آپریشنز کے حصول کے ساتھ آگے نہ بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

15 نومبر کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے مرکزی بینکوں نے بی اے ایف ایل کو اصولی طور پر منظوری دے دی تھی تاکہ ایچ این بی کو بی اے ایف ایل کے بنگلہ دیش آپریشنز کی مناسب جانچ پڑتال کرنے میں مدد فراہم کی جاسکے۔

اس وقت بی اے ایف ایل نے اطلاع دی تھی کہ یہ منظوری پہلے سے جاری بینک ایشیا لمیٹڈ کے ذریعے کی جارہی ڈیو ڈلیجنس کے عمل کے علاوہ ہے۔

نوٹس میں مزید کہا گیا کہ مجوزہ معاہدے کی تکمیل تفصیلی ڈیو ڈلیجنس، بی اے ایف ایل کی بائنڈنگ آفر کی قبولیت، معاہدے کے دستاویزات کی تکمیل اور ریگولیٹری و تیسرے فریق کی منظوریوں اور رضا مندیوں کے حصول سے مشروط ہے۔

بینک الفلاح (بی اے ایف ایل) کا ملک بھر میں 200 سے زائد شہروں میں 1,024 سے زائد شاخوں کا نیٹ ورک ہے، اور اس کی بین الاقوامی موجودگی افغانستان، بنگلہ دیش، بحرین اور متحدہ عرب امارات میں بھی ہے۔

اسی طرح، ہیٹن نیشنل بینک (ایچ این بی) سری لنکا کا ایک اہم پرائیویٹ سیکٹر کمرشل بینک ہے جو 251 شاخوں کے ساتھ ملک بھر میں پھیلا ہوا ہے۔

بینک کو ایشین بینکر میگزین نے 2007 سے 2017 تک دس بار ”سری لنکا کا بہترین ریٹیل بینک“ کے طور پر بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا ہے۔

Comments

200 حروف