ٹیکنالوجی

دبئی 2026 تک سیلف ڈرائیونگ ٹیکسیاں لانچ کرے گا

دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے دبئی میں 2026 تک سیلف ڈرائیونگ ٹیکسیاں لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔...
شائع April 3, 2025

دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے دبئی میں 2026 تک سیلف ڈرائیونگ ٹیکسیاں لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا کو جاری بیان کے مطابق آر ٹی اے نے دبئی میں سیلف ڈرائیونگ ٹیکسیاں چلانے کے لئے خود مختار ٹیکنالوجی کے میدان میں معروف عالمی کمپنیوں“ کے ساتھ اپنی شراکت داری اور تعاون میں توسیع کا اعلان کیا۔

اس شراکت داری میں اوبر ٹیکنالوجیز انکارپوریٹڈ اور وی رائیڈ کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون شامل ہے جو اوبر پلیٹ فارم کے ذریعے دبئی میں خود مختار گاڑیاں لانچ کرے گا۔  ۔

اس شراکت داری میں چینی کمپنی بائیڈو بھی شامل ہے جو اپنے خود مختار نقل و حمل کے شعبے اپولو گو کے ذریعے یہ سرگرمیاں سر انجام دے گی جسے سیلف ڈرائیونگ حل فراہم کرنے والے دنیا کے معروف اداروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

آر ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل اور بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے چیئرمین مطار الطائر نے کہا کہ اوبر، وی رائیڈ اور بائیڈو کے ذریعے اس سال دبئی میں خود مختار ٹیکسیوں کے کمرشل پائلٹ آپریشنز کا آغاز کرے گا جس میں پہیے کے پیچھے ایک سیفٹی ڈرائیور ہوگا جو 2026 میں کمرشل لانچ کی تیاریوں کا سلسلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلف وہیکل میں اضافہ دبئی میں ٹرانسپورٹ کے منظر نامے میں ایک معیاری تبدیلی کی نمائندگی کرے گی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ صارفین کی نقل و حرکت کو آسان بنا کر نیٹ ورک کو مضبوط بڑھانے کے لئے روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔

حفاظت اور سہولت

اس اقدام کا مقصد دبئی کے رہائشیوں کو سہولت اور حفاظت فراہم کرنا بھی ہے۔

یہ آر ٹی اے کی گزشتہ سال اپنائی گئی حکمت عملی کے مطابق ہے، جو سفر کے آغاز یا اختتام پر عوامی نقل و حمل کے ذرائع تک رسائی کو بہتر بناتی ہے۔

سیلف وہیکل سڑکوں پر ٹریفک کی حفاظت کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں کیونکہ انسانی غلطی 90 فیصد سے زیادہ حادثات کی وجہ بنتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خودمختار گاڑیاں صارفین کے ایک بڑے حصے، خاص طور پر بزرگ شہریوں، رہائشیوں اور معذور افراد کو بھی سہولیات فراہم کریں گی۔

اس ضمن میں اوبر کے مرکزی ڈائریکٹر سیلف موبلٹی اور ڈیلیوری نوح زیکھے نے کہا کہ ہم دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے ساتھ شراکت داری پر فخر محسوس کرتے ہیں تاکہ اوبر پلیٹ فارم پر خودمختار گاڑیاں متعارف کرائیں جو ہمارے ٹیکنالوجی پارٹنر وی رائیڈ کی مدد سے لانچ کی جائیں گی۔

دبئی کے غیر معمولی آئیڈیاز

دبئی میں مستقبل سے متعلق ٹرانسپورٹیشن کے کئی منصوبے زیر تکمیل ہیں: پچھلے سال اس نے ”سسپنڈڈ ٹرانسپورٹ سسٹم پروجیکٹ“ منظور کیا جو 65 کلومیٹر طویل سمارٹ موبلٹی سسٹم ہے جب کہ سیلف ببل الیکٹرک پوڈز جائیٹکس 2024 میں دکھائے گئے تھے۔

اڑنے والی کشتیوں یا ”سی گلیڈرز“ کا منصوبہ بھی زیر تکمیل ہے جو دبئی سے ابو ظبی تک کا سفر صرف آدھے گھنٹے میں طے کریں گے۔ یہ 2027 میں لانچ کی جائیں گی۔

اس کے علاوہ آر ٹی اے کا ایلون مسک کی ارب پتی کمپنی ”دی بورنگ کمپنی“ کے ساتھ ابتدائی معاہدہ، جس میں دبئی لوپ نامی ایک زیرِ زمین تیز رفتار نیٹ ورک تعمیر کیا جائے گا بہت زیادہ میڈیا کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔

اس مفاہمت کی یادداشت میں 11 اسٹیشنوں پر مشتمل ابتدائی تجرباتی مرحلے کی تفصیل دی گئی ہے جس میں مسافروں کو الیکٹرک وہیکل کے ذریعے سرنگوں میں 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے لے جایا جائے گا۔ اگرچہ اس پراجیکٹ کی لاگت ظاہر نہیں کی گئی تاہم امریکہ میں ویگاس لوپ، جو 2.7 کلومیٹر کا سسٹم ہے، کی لاگت تقریباً 50 ملین ڈالر آئی تھی۔

Comments

200 حروف