جمعرات کو دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس میں زبردست کمی آئی اور سرمایہ کاروں نے بانڈز، سونا اور ین کی طرف پناہ لینا شروع کر دی، کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ امریکہ کی نئی ٹیرف کی پالیسی نے تجارتی جنگ کو مزید بڑھا دیا ہے، جو عالمی کساد بازاری میں دھکیل سکتی ہے۔
ڈالر چھ مہینے کی کم ترین سطح پر آ گیا، اور امریکہ کے بانڈ کے یلڈز بھی گر گئے، کیونکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیرف لگائے جس کے نتیجے میں درآمدی ٹیکس صدی کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئے۔
فچ ریٹنگز کے امریکی اقتصادی تحقیق کے سربراہ اولُو سونولا نے کہا کہ یہ ایک گیم چینجر ہے، نہ صرف امریکی معیشت کے لیے بلکہ عالمی معیشت کے لیے بھی۔
انہوں نے مزید کا کہ بہت سے ممالک شاید کساد بازاری میں آجائیں گے۔ اگر یہ ٹیرف کی شرح طویل عرصے تک برقرار رہی تو آپ بیشتر پیش گوئیاں نظر انداز کر سکتے ہیں۔
نیس ڈیک فیوچرز میں 3.2 فیصد کی کمی آئی، یورپی فیوچرز میں تقریباً 2 فیصد کی کمی آئی اور ٹوکیو میں نکی انڈیکس 3 فیصد گر گیا، جو آٹھ ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچا، جس کے نتیجے میں ایشیا بھر میں بھاری خسارے ہوئے۔
ایپل کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 240 ارب ڈالر سے زیادہ کم ہو گئی کیونکہ اس کے شیئرز نے بعد از اوقات ٹریڈنگ میں 7 فیصد کمی کی۔
این ویڈیا کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 5.6 فیصد یا 153 ارب ڈالر کم ہوئی۔ 10 سالہ امریکی ٹریژری یلڈز 15 بیسس پوائنٹس سے زیادہ گر کر پانچ ماہ کی کم ترین سطح 4.04 فیصد پر پہنچ گئیں اور مارکیٹوں نے سود کی شرحوں میں کمی کے امکانات کو زیادہ اہمیت دی، حالانکہ ٹیرف کی پالیسی امریکی افراط زر میں تیز اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔
جے پی مورگن ایسٹ مینجمنٹ کے ایشیا پیسیفک کے چیف مارکیٹ اسٹریٹیجسٹ ٹائی ہوی نے کہا کہ آپ کو امریکی معیشت پر ٹیرف کی وجہ سے سپلائی سائیڈ کا شاک ملے گا تو قیمتوں پر اثر پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اور پھر (یہ ہے) کاروباروں اور صارفین کے لیے غیر یقینی صورتحال، جو دونوں نمو کے لیے مسائل بن سکتی ہیں۔“ ٹرمپ نے درآمدات پر ایک بیس لائن 10 فیصد ٹیرف کا اعلان کیا، کچھ تجارتی شراکت داروں پر خاص طور پر ایشیا میں زیادہ ٹیرف عائد کیے۔
چین پر 34 فیصد ٹیرف لگایا گیا، جاپان پر 24 فیصد، ویتنام پر 46 فیصد اور جنوبی کوریا پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا۔
یورپی یونین پر 20 فیصد ٹیرف لگایا گیا۔ فچ ریٹنگز کے مطابق، امریکہ کے درآمدی ٹیکس کی شرح ٹرمپ کے تحت 2024 میں صرف 2.5 فیصد سے بڑھ کر 22 فیصد ہو گئی ہے، جو 1910 کے آس پاس کی سطحوں تک پہنچ گئی ہے۔ ویتنامی اسٹاکس میں 6 فیصد کی کمی آئی۔
چین پر فوکس
چین اور یورپ کی طرف سے وعدہ شدہ جوابی اقدامات سے پہلے، سرمایہ کار محفوظ پناہ گاہوں کی طرف جا رہے تھے اور عالمی نمو سے جڑا ہوا سرمایہ بیچ رہے تھے۔
تیل، جو اقتصادی سرگرمی کی علامت ہے، 2 فیصد سے زیادہ گر کر برینٹ فیوچرز کو 73.28 ڈالر فی بیرل پر لے آیا۔
آسٹریلیشیا کے حصص اور آسٹریلیشین ڈالر میں کمی آئی۔ سونا 3,160 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ بلند سطح پر پہنچ گیا اور جاپان کا ین 1 فیصد سے زیادہ بڑھ کر 147.29 ڈالر فی ین تک پہنچ گیا کیونکہ فارن ایکسچینج ٹریڈرز امریکی ڈالر کے باہر پناہ تلاش کر رہے تھے۔
یورو 0.6 فیصد بڑھ کر 1.0912 ڈالر تک پہنچا۔ چین نے ابھی تک اپنی کرنسی کو نسبتا مستحکم رکھا، یوان کی کمی کو تقریباً 0.4 فیصد تک محدود کیا، حالانکہ چین کی برآمدات پر 50 فیصد سے زیادہ مجموعی ٹیرف عائد کیے گئے تھے اور ویتنام پر اثرات اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ یہ ایک مقبول متبادل راستہ بند ہو گیا ہے۔
چین کی بڑی داخلی معیشت اور بیجنگ سے حمایت کی امید نے ہانگ کانگ کے اسٹاکس میں کمی کو 1.5 فیصد تک اور شنگھائی میں 0.5 فیصد تک محدود کر دیا۔
ڈوئچے بینک کے اسٹریٹیجسٹ جارج سارا ویلوس نے کہا کہ اگلے چند دنوں میں کلیدی توجہ چین پر ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چین تجارتی مذاکرات کے لیے کتنی دیر انتظار کرنے کو تیار ہوگا … یا اسے اس شاک کو جذب کرنا پڑے گا؟، انہوں نے مزید کہا کہ یا کیا وہ اسے ’برآمد‘ کرنے کی کوشش کرے گا … یوان کی قدر میں کمی کے ذریعے۔
Comments