وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کی ترقی کو وفاقی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق صوبے کی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے بلوچستان میں معاشی، سماجی اور امن و امان کی صورتحال اور وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے وزیراعظم کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی وزیراعظم کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

دریں اثنا کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) بلوچستان کے امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے اور پائیدار ترقی کے لیے سیاسی رہنماؤں کی مثبت تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

اجلاس میں صوبائی وزرا اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے مولانا عبدالواسع کو عید الفطر کی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔ ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے سیاسی ہم آہنگی اور مشترکہ ترقیاتی اہداف کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم بلوچستان میں امن اور ترقی کے لئے مثبت تجاویز کو سراہتے ہیں۔

مولانا عبدالواسع نے وزیراعلیٰ اور ان کے وفد کو عید الفطر کی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔

Comments

200 حروف