وفاقی حکومت نے بجلی 1 روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرادی، بجلی کی قیمت میں کمی ٹیرف سبسڈی میں اضافے کے ذریعے کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے درخواست کی ہے کہ ایکس ڈبلیو ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے تمام صارفین کے لیے بجلی کے نرخ میں 1.71 روپے فی یونٹ کمی کی جائے۔

حکومت کی جانب سے نیپرا ایکٹ کے سیکشن 7 اور 31 اور نیپرا ٹیرف (اسٹینڈرڈز اینڈ پروسیجرز) رولز 1998 (رولز) کے رول 17 کے تحت ایکس ڈسکوز اور کے الیکٹرک صارفین کے لیے ٹیرف سے متعلق سفارشات پر نظرثانی کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

درخواست کے مطابق وفاقی حکومت نے ایکس ڈبلیو ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے تمام صارفین (سوائے لائف لائن گھریلو صارفین کے) کے لیے اپریل تا جون مالی سال 2025 تک بجلی کے ٹیرف میں 1.71 روپے فی یونٹ اضافی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے نیپرا اتھارٹی 4 اپریل 2025 کو حکومتی درخواست پر سماعت کرے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کو بجلی ٹیرف میں ایک روپے فی یونٹ کمی کی اجازت دی گئی تھی۔

آئی ایم ایف کے پاکستان میں مقیم نمائندے مہر بینیسی نے بتایا کہ یہ ریلیف کیپٹیو پاور پلانٹس (سی پی پیز) پر عائد لیوی سے حاصل ہونے والے محصولات کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔ یہ اعلان 7 بلین ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلیٹی (ای ایف ایف ) پروگرام کے پہلے جائزے اور 1.3 بلین ڈالر کے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلیٹی (آر ایس ایف) کے نئے انتظام پر عملے کی سطح کے معاہدے (ایس ایل اے) کے بعد کیا گیا۔

مہر بینیسی کے مطابق ای ایف ایف پروگرام پہلے ہی کچھ واضح سبسڈیز کی اجازت دیتا ہے جن میں ٹیرف ڈیفرینشل سبسڈی (ٹی ڈی ایس) اور کیپٹیو پاور پلانٹس (سی پی پیز) پر لیوی سے حاصل ہونے والی آمدنی شامل ہے۔ یہ سبسڈی میں براہ راست اضافہ کرے گا اور قریبی مدت میں بجلی کے ٹیرف میں تقریباً 1 روپے فی کلو واٹ آور کمی لا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ریلیف ملک بھر کے تمام صارفین پر لاگو ہوگا۔

دریں اثنا وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی لاگت کم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جو صنعتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے اور برآمدات بڑھانے کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے۔

محمد اورنگزیب نے جمعرات کو چین میں باؤ فورم کے موقع پر ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم وزیر اعظم کی قیادت میں ٹیرف کم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، اور وزیر اعظم آنے والے دنوں میں اس کا اعلان کریں گے۔

Comments

200 حروف