وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت مینوفیکچررز کو ریلیف دینے اور برآمدات میں اضافے کے وسیع تر منصوبے کے تحت بجلی کی قیمتوں میں کمی کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ بات بلومبرگ نے جمعرات کو اپنی رپورٹ میں بتائی ہے۔

ان کا یہ بیان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے عملے کی جانب سے پاکستان کے ساتھ 1.3 ارب ڈالر کے نئے معاہدے اور جاری 37 ماہ کے بیل آؤٹ پروگرام کے پہلے جائزے پر اتفاق کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔

اورنگ زیب نے چین میں بواؤ فورم کے موقع پر ایک انٹرویو میں کہا، معاشی ڈھانچے کی بنیاد کو برآمدات پر مرکوز کرنے کے لیے بدلنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم توانائی کے شعبے میں ہم وزیر اعظم کی قیادت میں ٹیرف کو کم کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں اور وزیر اعظم آنے والے دنوں میں اس بارے میں اعلان کرنے جا رہے ہیں۔

پاکستان میں بجلی کے نرخ حالیہ برسوں میں آسمان کو چھو رہے ہیں، جس سے گرڈ کی طلب میں کمی آئی ہے جبکہ صنعتی شعبہ علاقائی طور پر غیر مسابقتی بن گیا ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین تخمینے کے مطابق رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران پاکستان کے صنعتی شعبے میں 0.18 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

بدھ کو وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں پاور ڈویژن سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ حکومت عوام کے لئے بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کے مقصد سے جلد ایک جامع ریلیف پیکج کا اعلان کرے گی۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق محمد اورنگ زیب نے کہا کہ حکومت فی الحال ایک بجٹ پیش کر رہی ہے جس میں رئیل اسٹیٹ، ریٹیل اور زراعت جیسے شعبوں کو شامل کرکے ٹیکس بیس کو وسیع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے حکام کو مینوفیکچرنگ سیکٹر پر بوجھ کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے جو غیر متناسب طور پر زیادہ ٹیکس ادا کر رہا ہے۔

بدھ کے روز محمد اورنگ زیب نے بتایا کہ پاکستان رواں کیلنڈر سال میں چینی مارکیٹ میں اپنا پہلا پانڈا بانڈ جاری کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

چائنہ گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک (سی جی ٹی این) کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ میں اس بات پر زور دیتا رہا ہوں اور میں بہت خواہش مند ہوں کہ پاکستان دنیا کی دوسری سب سے بڑی اور وسیع کیپٹل مارکیٹ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے افتتاحی پانڈا بانڈ کی جانب بڑھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سے قبل بھی امریکی ڈالر اور یورو میں کئی بانڈز جاری کرچکا ہے لیکن ہم نے چینی کیپٹل مارکیٹ میں قدم نہیں رکھا۔ ہم بہت پرامید ہیں کہ اس کیلنڈر سال کے دوران، ہم ایسا کریں گے۔

Comments

200 حروف