پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے جمعرات کو کولمبو اسٹاک ایکسچینج (سی ایس ای) اور ڈھاکہ اسٹاک ایکسچینج (ڈی ایس ای) کے ساتھ سہ فریقی مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔
کولمبو میں آج دستخط کیے گئے معاہدے کا مقصد ٹیکنالوجی کی ترقی اور اشتراک، انسانی وسائل کے اشتراک، مصنوعات کی ترقی، ریگولیٹری تعاون، سرمایہ کاروں کے تحفظ اور معلومات کے تبادلے کی سہولت کے لئے ایک ایکسچینج فورم قائم کرنا ہے، جس سے تینوں مارکیٹوں میں مسلسل تعلقات کو فروغ ملے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے تین جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان گہرے علاقائی تعاون کو فروغ ملے گا جبکہ خطے بھر میں سرمایہ کاروں اور مارکیٹ کے شرکا کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
مفاہمت نامے کے تحت تعاون کے کلیدی شعبوں میں ٹیکنالوجی کی ترقی، انسانی سرمائے کی ترقی، مصنوعات کی جدت طرازی، ریگولیٹری بہترین طریقہ کار، دوہری فہرستیں اور تجارتی روابط شامل ہیں۔
ایم او یو جاری بات چیت اور مشترکہ اقدامات کے لئے ایک باضابطہ پلیٹ فارم قائم کرتا ہے ، جس میں تعاون کے فریم ورک کو نافذ کرنے کے لئے ورکنگ گروپس تشکیل دیئے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق اس معاہدے سے مارکیٹ لیکویڈیٹی اور مصنوعات کے تنوع میں اضافہ، خطے بھر میں ریگولیٹری فریم ورک کو مضبوط بنانے، سرحد پار سرمایہ کاری کے بہاؤ کو آسان بنانے اور مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے میں تکنیکی جدت طرازی کو فروغ دینے کی توقع ہے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں تینوں ایکسچینجز کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔ پی ایس ایکس کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او فرخ ایچ سبزواری۔ سی ایس ای کے سی ای او راجیو بندرانائیکے اور ڈی ایس ای کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین مومن الاسلام موجود تھے۔
تقریب میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین عاکف سعید اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عاکف سعید نے کہا کہ یہ اسٹریٹجک شراکت داری علاقائی مارکیٹ انضمام میں ایک اہم پیش رفت کی علامت ہے۔ طاقتوں کو یکجا کرکے یہ تینوں ایکسچینجز جدت طرازی کو فروغ دے سکتی ہیں، مارکیٹ لچک کو بڑھا سکتی ہیں اور جنوبی ایشیا میں سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہیں۔
دریں اثنا، فرخ ایچ سبزواری نے کہا کہ یہ معاہدہ علاقائی کیپٹل مارکیٹ تعاون میں ایک تبدیلی کے باب کی نمائندگی کرتا ہے۔ کولمبو اور ڈھاکہ میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ اس شراکت داری کے ذریعے ہمارا مقصد مارکیٹ کے معیار کو بہتر کرنا، پائیدار ترقی کو فروغ دینا اور مارکیٹ کے تمام شرکاء کو زیادہ سے زیادہ قدر فراہم کرنا ہے۔
Comments