پاکستان رواں سال چین میں پہلا پانڈا بانڈ جاری کرے گا: وزیر خزانہ
- محمد اورنگزیب نے زراعت، مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کو کلیدی شعبوں کے طور پر اجاگر کیا جن میں چینی سرمایہ کاری اور تکنیکی معاونت کے وسیع امکانات موجود ہیں
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا ہے کہ پاکستان رواں کیلنڈر سال میں چینی مارکیٹ میں اپنا پہلا پانڈا بانڈ جاری کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
چائنہ گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک (سی جی ٹی این) کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ میں اس بات پر زور دیتا رہا ہوں اور میں بہت خواہش مند ہوں کہ پاکستان دنیا کی دوسری سب سے بڑی اور عظیم کیپٹل مارکیٹ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پانڈا بانڈ کے اجرا کی جانب بڑھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سے قبل بھی امریکی ڈالر اور یورو میں کئی بانڈز جاری کرچکا ہے لیکن ہم نے چینی کیپٹل مارکیٹ میں قدم نہیں رکھا، ہم بہت پرامید ہیں کہ اس کیلنڈر سال کے دوران ہم ایسا کریں گے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق، وزیر خزانہ نے زرعی شعبہ، مصنوعی ذہانت، اور ٹیکنالوجی کو اہم شعبے کے طور پر اجاگر کیا جن میں چینی سرمایہ کاری اور تکنیکی معاونت کے لیے بہت پوٹینشل ہے۔
وزیر خزانہ نے ماحول دوست منصوبوں اور ماحولیاتی استحکام میں چین کی قابل ذکر پیش رفت کو سراہتے ہوئے اسے دنیا کے لئے ایک مثال قرار دیا۔
انہوں نے ان شعبوں میں چین کی مہارت سے فائدہ اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیر خزانہ نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت پاکستان کے بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبوں میں چین کی نمایاں سرمایہ کاری اور چین کی جانب سے فراہم کی جانے والی تکنیکی اور مالی معاونت پر بھی روشنی ڈالی۔
وزیر خزانہ نے پاکستان کے زرعی شعبے کی بحالی اور اسے ترقی کے حقیقی انجن میں تبدیل کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
محمد اورنگزیب نے گزشتہ موسم گرما میں وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کا ذکر کیا جس میں وزیر اعظم نے زرعی یونیورسٹیوں کا دورہ کیا اور صوبہ شانسی میں عمودی کاشتکاری کا مشاہدہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ چینی ماہرین کی رہنمائی میں تربیت، ہنرمندی کی ترقی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لئے تقریبا ایک ہزار پاکستانی طلباء اور زرعی ماہرین جلد ہی چین آئیں گے۔
انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار اور طویل مدتی تعلقات پر زور دیتے ہوئے چین کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی امداد کا اعتراف کیا۔
Comments