پاکستانی پاسپورٹ اسرائیل سفر کیلئے کارآمد نہیں، دفتر خارجہ
دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ اسرائیل کے سفر کے لیے کارآمد نہیں ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے یہ انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ قواعد و ضوابط کے تحت اسرائیل کا ایسا کوئی دورہ ممکن نہیں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا یہ ردعمل پاکستانی صحافیوں کے دورہ اسرائیل سے متعلق سوالات پر سامنے آیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے پاکستانی صحافیوں کے اسرائیل جانے سے متعلق رپورٹس کا نوٹس لیا ہے۔
اسرائیل کے بارے میں پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی بھرپور حمایت کرتا ہے جس میں 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام بھی شامل ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا۔
پاکستان اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پرامن حل کے لئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments