پاکستان

آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے، مزید 1.3 بلین ڈالر ملیں گے

  • آئی ایم ایف نے جاری 37 ماہ کے بیل آؤٹ پروگرام کے پہلے جائزے پر بھی اتفاق کرلیا
شائع March 26, 2025

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے عملے نے پاکستان کے ساتھ ایک نئے 1.3 ارب ڈالر کے معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے اور جاری 37 ماہ کے بیل آؤٹ پروگرام کے پہلے جائزے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ یہ اعلان منگل کے روز آئی ایم ایف کی جانب سے کیا گیا۔

اسٹاف لیول معاہدے کی آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری ملنے کے بعد، اسلام آباد 28 ماہ کے نئے کلائمیٹ ریزیلینس لون پروگرام (آر ایس ایف) کے تحت 1.3 ارب ڈالر حاصل کر سکے گا۔ اس کے علاوہ، پاکستان کو 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پروگرام کے تحت 1 ارب ڈالر بھی ملیں گے، جس سے اس پروگرام کے تحت پاکستان کو دی گئی رقم 2 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

آئی ایم ایف کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ 37 ماہ کے ایکسٹینڈڈ ارینجمنٹ کے پہلے جائزے اور آئی ایم ایف کے آر ایس ایف کے تحت 28 ماہ کے نئے معاہدے پر عملے کی سطح کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت 28 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 1.3 ارب ڈالر تک رسائی حاصل ہو گی۔

یہ معاہدہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔ منظوری ملنے کے بعد، پاکستان کو ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی کے تحت تقریباً 1 ارب ڈالر تک رسائی حاصل ہو جائے گی، جس کے بعد اس پروگرام کے تحت اب تک دی گئی مجموعی رقم 2 ارب ڈالر ہو جائے گی۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب آئی ایم ایف کی ٹیم، جس کی قیادت نیتھن پورٹر کر رہے تھے، 24 فروری سے 14 مارچ 2025 تک کراچی اور اسلام آباد میں مذاکرات کے بعد ورچوئل میٹنگز کے ذریعے مشاورت کرتی رہی۔

نیتھن پورٹر کے مطابق، گزشتہ 18 ماہ کے دوران پاکستان نے مشکل عالمی حالات کے باوجود میکرو اکنامک استحکام بحال کرنے اور اعتماد کی بحالی میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ اگرچہ اقتصادی ترقی معتدل رہی ہے، لیکن مہنگائی 2015 کے بعد اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، مالیاتی حالات بہتر ہوئے ہیں، خودمختار اسپریڈز نمایاں طور پر کم ہوئے ہیں، اور بیرونی توازن مضبوط ہوا ہے۔

اگرچہ معاشی سرگرمیاں بتدریج بہتر ہونے کی توقع ہے، لیکن معاشی خطرات اب بھی بلند سطح پر ہیں۔ ممکنہ مالیاتی پالیسی میں نرمی کے دباؤ، جغرافیائی و سیاسی عوامل کے باعث اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے، عالمی مالیاتی سختی، یا بڑھتے ہوئے تجارتی پابندیاں ان حاصل شدہ معاشی استحکام کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

پاکستان کے لیے موسمیاتی خطرات بدستور ایک بڑا چیلنج ہیں، جس کے نتیجے میں پائیداری کے لیے موافقتی اقدامات ضروری ہو گئے ہیں۔ اس حوالے سے، گزشتہ ڈیڑھ سال میں حاصل شدہ پیش رفت کو برقرار رکھنا، عوامی مالیات کو مزید مضبوط کرنا، قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانا، بیرونی ذخائر کو بحال کرنا، اور مسخ شدہ اقتصادی عوامل کو ختم کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ نجی شعبے کی قیادت میں پائیدار ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کی ٹیم نے 12 جولائی 2024 کو ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی کے تحت 5.32 ارب ایس ڈی آر (تقریباً 7 ارب ڈالر) کی رقم پر عملے کی سطح کے معاہدے پر اتفاق کیا تھا، جسے بعد ازاں ستمبر کے آخری ہفتے میں آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے منظور کیا تھا۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کے لیے نہایت اہم ہے، کیونکہ یہ حکومت کو اقتصادی اصلاحات کا ایک خاکہ فراہم کرتا ہے اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو استحکام دینے میں مدد دیتا ہے۔

پاکستان کے مرکزی بینک کے مطابق، 14 مارچ تک اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 11.15 ارب ڈالر ہیں۔

آئی ایم ایف کے بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستانی حکام نے ای ایف ایف کی حمایت یافتہ اصلاحات کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا ہے اور آر ایس ایف کے تحت طویل مدتی اقتصادی کمزوریوں کو دور کرنے اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اصلاحات کو آگے بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے۔

حکام کی پالیسی ترجیحات میں مالیاتی استحکام کو برقرار رکھنا، قرضوں کو کم کرنا، سماجی اور ترقیاتی اخراجات کے لیے گنجائش بنانا، اور نجی سرمایہ کاری کے مواقع کو بڑھانا شامل ہے۔ مالیاتی اصلاحات کے سلسلے میں، صوبوں نے زرعی آمدنی پر ٹیکس سے متعلق اپنے قوانین میں ترمیم کی ہے، جس سے ٹیکس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے میں مدد ملے گی۔

  • مانیٹری پالیسی کے حوالے سے، حالیہ شرح سود میں کمی کے مکمل اثرات ابھی محسوس ہونے باقی ہیں، اس لیے مرکزی بینک سخت اور ڈیٹا پر مبنی مانیٹری پالیسی برقرار رکھے گا تاکہ مہنگائی کو 5 سے 7 فیصد کے درمیانی مدتی ہدف پر قابو میں رکھا جا سکے۔ مزید برآں، زرمبادلہ کی مارکیٹ کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے گا تاکہ شرح مبادلہ کی لچک کو برقرار رکھتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری لائی جا سکے۔

  • توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے لیے، بجلی اور گیس کے ٹیرف میں ایڈجسٹمنٹ کا بروقت نفاذ اور اصلاحات کے ابتدائی اثرات سے شعبے کے گردشی قرضے میں کمی آئی ہے، جو کہ مستقبل میں بھی ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھنا ضروری ہے۔ بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری، نجی سرمایہ کاری کے فروغ، اور قابل تجدید توانائی کے فروغ پر بھی توجہ دی جائے گی۔

  • ساختی اصلاحات کے ایجنڈے میں، سرکاری اداروں کی گورننس کو بہتر بنانا، پاکستان خودمختار ویلتھ فنڈ کے لیے شفافیت کے اقدامات کو اپنانا، بدعنوانی کے خلاف اقدامات کو مزید مؤثر بنانا، اور تجارتی رکاوٹوں کو کم کر کے کاروباری مواقع پیدا کرنا شامل ہے۔

  • ماحولیاتی اصلاحات کے ضمن میں، آر ایس ایف کے تعاون سے حکومت منصوبہ بندی کے عمل کو مضبوط کرے گی تاکہ قدرتی آفات کے خطرات کو کم کیا جا سکے، پانی کے محدود وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے بہتر قیمتوں کے طریقہ کار کو اپنایا جائے، آفات کی مالی معاونت کے لیے بین الحکومتی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے، مالیاتی اور کارپوریٹ سطح پر موسمیاتی خطرات کی شفافیت کو بہتر بنایا جائے، اور گرین ٹرانسپورٹ کو فروغ دے کر آلودگی اور صحت پر پڑنے والے منفی اثرات کو کم کیا جا سکے۔

Comments

200 حروف