وزارت توانائی کی جانب سے جارہ کردہ بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے منگل کے روز پاکستان کے پہلے 120 کلو واٹ فاسٹ ای وی چارجنگ اسٹیشن کا افتتاح کیا ہے جسے گوگرین ایونیو نے تیار کیا ہے۔
اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اویس لغاری نے صاف توانائی اور گرین موبلیٹی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے اقدامات پاکستان کے توانائی اور نقل و حمل کے منظرنامے کو نئی شکل دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ فاسٹ چارجنگ اسٹیشن کا آغاز کاربن کے اخراج کو روکنے اور برقی گاڑیوں (ای وی) کو اپنانے میں تیزی لانے کے ملک کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ایک اہم پالیسی اعلان میں وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ الیکٹرک چارجنگ یونٹس کی قیمت 71 روپے سے کم کرکے 39 روپے کردی گئی ہے جس کا مقصد صارفین کے لئے ای وی کو اپنانے کو زیادہ قابل رسائی اور سستی بنانا ہے۔
لغاری نے اس اقدام کو آسان بنانے کیلئے سرکاری اور نجی تعاون کو سراہا اور پاکستان کے پائیدار اہداف کے حصول میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔
وفاقی وزیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت ماحول دوست توانائی کے منصوبوں اور پالیسیوں کی حمایت کے لئے پرعزم ہے جو طویل مدتی ماحولیاتی اور معاشی فوائد کو فروغ دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فاسٹ چارجنگ اسٹیشن کا آغاز توانائی کے پائیدار بنیادی ڈھانچے کے لئے پاکستان کے وسیع تر وژن میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
Comments