”انتہائی اہمیت کا حامل“: ای سی سی کی ریکوڈک منصوبے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی
- کمیٹی کی وزارت پٹرولیم اور خزانہ کو منصوبے کے لئے تمام متفقہ اقدامات پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے قریبی تعاون جاری رکھنے کی ہدایت
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے صوبہ بلوچستان میں ریکوڈک منصوبے کو انتہائی قومی اہمیت کا حامل منصوبہ قرار دیتے ہوئے اس کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ یہ بات وزارت خزانہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں بتائی گئی ہے۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ای سی سی اجلاس کی صدارت چین سے ویڈیو لنک کے ذریعے کی، جہاں وہ 2025 کے بواؤ فورم برائے ایشیا میں شرکت کر رہے تھے۔
بیان کے مطابق ای سی سی نے پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے ریکوڈک منصوبے اور اس کے مجموعی ترقیاتی منصوبے میں تبدیلیوں اور مالیاتی وعدوں اور منصوبے کی مالی اعانت پر غور کیا، جن میں مہنگائی اور منصوبے کی صلاحیت، انرجی مکس، متبادل پانی کی فراہمی کے اختیارات اور جدید پروسیسنگ پلانٹس اور مشینری کے حوالے سے منصوبے کے دائرہ کار میں اضافے کی وجہ سے ہونے والی تبدیلیاں شامل ہیں۔
بیان کے مطابق ای سی سی نے منصوبے میں اضافے کا باعث بننے والے عوامل کو نوٹ کیا اور سمری میں شامل تجاویز کی منظوری دی جس میں وزارت پیٹرولیم اور خزانہ کو تمام متفقہ اقدامات پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے قریبی رابطہ جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ ای سی سی نے ریکوڈک منصوبے کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اسے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ قرار دیا۔
ریکوڈک منصوبے کو دنیا کے سب سے بڑے غیر ترقی یافتہ تانبے اور سونے کے ذخائر میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، جو پاکستان کے لئے اہم اقتصادی مواقع پیش کرتا ہے۔
قبل ازیں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ریکوڈک منصوبے کے لیے اپنی فنڈنگ کی یقین دہانی میں اضافے کرتے ہوئے اسے بڑھا کر 627 ملین ڈالر کرنے کی منظوری کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے کمپنی کی مالیاتی کمیٹمنٹ میں اضافے کی منظوری دی ہے جو منصوبے کی مجموعی سرمایہ کاری میں اس کے حصہ کو ظاہر کرتا ہے، جس میں منصوبے کی مالی اعانت کے اخراجات شامل ہیں، اور اسے 627 ملین ڈالر تک بڑھا دیا گیا ہے (جو کہ حقیقی منصوبے کی مالی اعانت کے اخراجات اور مہنگائی کے حساب سے ایڈجسٹ کیا جائے گا)۔
واضح رہے کہ ریکوڈک منصوبے میں او جی ڈی سی ایل کا حصہ 8.33 فیصد ہے جو پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ اور گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ سمیت پاکستان کے تین ریاستی زیر ملکیت اداروں (ایس او ایز) کے مجموعی طور پر 25 فیصد حصص کا حصہ ہے۔
ایس او ایز کی دلچسپی پاکستان منرلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ذریعے رکھی گئی ہے۔
باقی حصے میں سے 25 فیصد بلوچستان حکومت کے پاس ہے (15 فیصد مکمل طور پر فنڈڈ بنیاد پر بلوچستان منرلز ریسورسز لمیٹڈ کے ذریعے اور 10 فیصد فری کیریڈ بیسس پر) اور 50 فیصد بیرک گولڈ کارپوریشن کے پاس ہے، جو منصوبے کا آپریٹر ہے۔
Comments