پاور ڈویژن کے ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ حکومت نے نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے کنٹریکٹ کی مدت کو پانچ سال تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے،جبکہ بائی بیک ریٹس میں وقتاً فوقتاً نظرثانی کی جائے گی۔

پاور ڈویژن، جسے نیٹ میٹرنگ صارفین کی جانب سے نیٹ میٹرنگ کے بائی بیک ریٹس میں 27 روپے سے کم کرکے 10 روپے فی یونٹ کرنے کے فیصلے پر شدید تنقید کا سامنا ہے، نے پاور سیکٹر کے ریگولیٹر کو پالیسی ہدایات بھیج دی ہیں۔

23 مارچ 2024 کو وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت نیٹ میٹرنگ پر ایک اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے پاور ڈویژن کو ہدایت دی کہ عوام میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ قومی اوسط بجلی خریداری قیمت کے بجائے نیٹ میٹرنگ کا بائی بیک ریٹ 10 روپے فی یونٹ مقرر کرے۔ مزید یہ کہ نیپرا مستقبل میں بائی بیک ریٹس پر وقتاً فوقتاً نظرثانی کر سکتا ہے۔

بلنگ کے طریقہ کار کو بھی اپڈیٹ کیا جائے گا تاکہ درآمد شدہ اور برآمد شدہ یونٹس کو الگ الگ شمار کیا جا سکے۔ برآمد شدہ یونٹس منظور شدہ خریداری نرخ پر خریدے جائیں گے، جبکہ درآمد شدہ یونٹس کو متعلقہ ماہانہ بلنگ سائیکل میں عائد شدہ پییک/آف-پییک ریٹ کے مطابق چارج کیا جائے گا۔

مزید برآں، کسی بھی ماہانہ بلنگ سائیکل میں، اگر صارف کے برآمد شدہ یونٹس کا کل بل درآمد شدہ یونٹس کے کل بل سے زیادہ ہو، تو اضافی رقم اگلے بلنگ سائیکل میں صارف کے کھاتے میں جمع کر دی جائے گی۔ تاہم، صارفین کسی بھی وقت اس کریڈٹ شدہ رقم کو کیش نہیں کروا سکیں گے۔

نیپرا ہر تقسیم کار کمپنی(ڈسکوز) کو ان پالیسی ہدایات کی منظوری کے چھ ماہ کے اندر ایک جامع تحقیق کے تحت ہر ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر اور فیڈر پر نیٹ میٹرنگ کی ہوسٹنگ کی صلاحیت کے تناسب یا حد کے حوالے سے رہنما اصول فراہم کرے گا۔

نیپرا اس بات کو بھی یقینی بنائے گا کہ جدید انورٹر معیارات کو قانونی اور ریگولیٹری فریم ورک میں شامل کیا جائے۔ اس کے تحت تمام نئے نیٹ میٹرنگ صارفین کو ان تازہ ترین معیارات پر عمل کرنا ہوگا۔

جدید انورٹرز کو گرڈ کے ساتھ ریئل ٹائم میں تعامل کی صلاحیت فراہم کی جائے گی، جس میں وولٹیج اور فریکوئنسی کا ضابطہ، بلیک آؤٹ کے دوران بیک فیڈنگ سے بچاؤ، تقسیم کار کمپنی کی طرف سے ریموٹ مانیٹرنگ اور کنٹرول، اوروائی ​​فائی، جی ایس ایم یا آئی او ٹی پر مبنی مانیٹرنگ سسٹمز جیسے کمیونیکیشن انٹرفیس شامل ہوں گے۔

مجوزہ تقسیم شدہ بجلی پیدا کرنے (ڈی جی) کی سہولت کی صلاحیت صارف کے منظور شدہ لوڈ سے زیادہ نہیں ہوگی۔ اگر برآمد شدہ یونٹس کے لیے زیادہ سے زیادہ طلب کا اشاریہ (ایم ڈی آئی) صارف کے منظور شدہ لوڈ سے 10 فیصد زیادہ ہو جائے، تو بطور سزا اس مخصوص بلنگ مہینے کے دوران برآمد شدہ تمام یونٹس کو صارف کے بل میں ایڈجسٹ یا کریڈٹ نہیں کیا جائے گا۔ نیٹ میٹرنگ صارفین کے معاہدے کی مدت کو نظرثانی شدہ ریگولیٹری فریم ورک کے تحت پانچ سال تک محدود کر دیا جائے گا۔

موجودہ نیٹ میٹرنگ نظام کے تحت، نیٹ میٹرنگ صارفین فکسڈ چارجز سے بچ رہے ہیں۔ اس تبدیلی کے ساتھ ساتھ کیپیسٹی چارجز کے اخراجات (سی پی پی) میں اضافہ، توانائی کی فروخت میں کمی، اور فکسڈ چارجز کی وصولی میں کمی نے بجلی کے نرخوں میں اضافے میں کردار ادا کیا ہے۔

مالی سال 2024 میں، نیٹ میٹرنگ کی صلاحیت کی وجہ سے تقریباً 3.2 ارب کلو واٹ آور (کے ڈبلیو ایچ) کی بجلی کی فروخت میں کمی واقع ہوئی، جس کے نتیجے میں دیگر صارفین پر تقریباً 101 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑا، جس کی وجہ سے صارفین کے ٹیرف میں اوسطاً 0.9 روپے فی یونٹ کا اضافہ ہوا۔

مستقبل میں، موجودہ گرڈ صارفین پر مالی بوجھ میں مزید اضافہ متوقع ہے، کیونکہ مالی سال 2034 میں بجلی کی فروخت میں 18.8 ارب کے ڈبلیو ایچ کی متوقع کمی سے گرڈ صارفین پر تقریباً 545 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، جس کے نتیجے میں صارفین کے ٹیرف میں اوسطاً 3.6 روپے فی یونٹ اضافہ ہوگا۔

مزید برآں، مجوزہ انٹیگریٹڈ جنریشن کیپیسٹی ایکسپینشن پلان (آئی جی سی ای پی) 2025 کے مطابق، مالی سال 2034 تک نیٹ میٹرنگ کی مجموعی اضافی صلاحیت 8,000 میگاواٹ سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، جسے جبری اضافہ تصور کیا جائے گا اور یہ کم لاگت میں توسیع کے اصول پر منفی اثر ڈالے گا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Comments

200 حروف