فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) تاجر دوست اسکیم کی ناکامی کے بعد دکانداروں اور تاجروں کے لیے ایک اور رجسٹریشن اسکیم شروع کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ نئی اسکیم کا اعلان وفاقی بجٹ (26-2025) میں کیا جاسکتا ہے۔
رابطہ کرنے پر تاجر دوست اسکیم کے چیف کوآرڈینیٹر محمد نعیم میر نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ گزشتہ بجٹ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں سیکشن 236 جی اور سیکشن 236 ایچ متعارف کروانے کے بعد کسی نئی اسکیم کی ضرورت نہیں ہے۔
خریداری (سیکشن 236 جی) پر جمع ہونے والے ایڈوانس ٹیکس کو 2 فیصد (نان فائلر ریٹ) سے کم کرکے 0.1 فیصد (فائلر ریٹ) کردیا گیا۔ سیکشن 236 جی کے تحت یہ ٹیکس ڈسٹری بیوٹرز/ ڈیلرز/ ہول سیلرز کی جانب سے مینوفیکچررز/ کمرشل امپورٹرز سے کی جانے والی خریداریوں پر لاگو ہوتا ہے۔
سیکشن 236 ایچ کے تحت مینوفیکچررز/ کمرشل امپورٹرز/ ڈسٹری بیوٹرز کی جانب سے ریٹیلرز کو فروخت پر وصول کیے جانے والے ایڈوانس ٹیکس کو 2.5 فیصد (نان فائلر) سے کم کرکے 0.5 فیصد (فائلر) کردیا گیا۔
نعیم میر نے کہا کہ اس طرح نان فائلرز کو سیکشن 236 جی اور 236 ایچ کے تحت بالترتیب 2 فیصد اور 2.5 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
ایف بی آر کو سیکشن 236 جی اور سیکشن 236 ایچ کے ڈیٹا کی مدد سے غیر رجسٹرڈ ریٹیلرز سے ریٹرن فائلنگ پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔ شق 236 جی اور سیکشن 236 ایچ سے آمدن کی صلاحیت تاجر دوست اسکیم کے 50 ارب روپے کے تخمینے کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔ لہٰذا آئندہ بجٹ میں کسی نئی اسکیم کی ضرورت نہیں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تاجر دوست اسکیم کے تحت 70 سے 75 ہزار دکانداروں اور خوردہ فروشوں کا اندراج کیا گیا ہے۔
محمد نعیم میر نے مزید کہا کہ ایف بی آر نے اب خوردہ فروشوں اور دکانداروں کو رجسٹر کرنے کے لئے ایک ٹارگٹڈ نقطہ نظر اپنایا ہے۔ ”تاجر دوست اسکیم“ کے تحت بہت چھوٹے سائز کے دکانداروں کی رجسٹریشن ایف بی آر کی اولین ترجیح نہیں ہے۔
دریں اثناء فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مارچ 2025 تک 9834 بڑے خوردہ فروشوں کو پوائنٹ آف سیلز (پی او ایس) سسٹم میں ضم کیا ہے تاکہ ٹیئر ون ریٹیلرز خاص طور پر ہوٹلوں / ریستورانوں کی ٹرانزیکشنز کو دستاویزی شکل دی جاسکے۔
ایف بی آر کی جانب سے مارچ 2025 تک مرتب کی گئی ریٹیلرز کی فہرست کے مطابق پی او ایس سسٹم کے ساتھ مجموعی طور پر 9 ہزار 834 ٹیئر ون ریٹیلرز رجسٹرڈ تھے۔ مارچ 2025 تک پوائنٹ آف سیلز (پی او ایس) سسٹم کے حامل 9834 بڑے ریٹیلرز میں سے مجموعی طور پر 738 ریسٹورنٹس پی او ایس سسٹم کے ساتھ رجسٹرڈ تھے اور مارچ 2025 تک 506 چمڑے اور ٹیکسٹائل ریٹیلرز ایف بی آر میں رجسٹرڈ تھے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments