صدر آصف علی زرداری قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کے اہم اجلاس کے ایک روز بعد بدھ کو ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق کوئٹہ ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور سینئر صوبائی حکام نے صدر آصف علی زرداری کا پرتپاک استقبال کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت امن و امان کے حوالے سے بریفنگ میں شرکت کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ بلوچستان کے پارلیمانی نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے اور اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب قومی سلامتی اور صوبے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی کوششوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔

گزشتہ ہفتے دہشت گردوں نے ایک ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑا دیا تھا اور جعفر ایکسپریس پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد یرغمال بن گئے تھے اور سیکیورٹی فورسز نے ریسکیو آپریشن کیا تھا۔

مزید برآں، دہشت گردوں نے خود کش بمباروں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہوئے کچھ بے گناہ یرغمالیوں کے برابر میں تعینات کر رکھا تھا۔

پاکستان میں کالعدم دہشت گرد تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے کہا ہے کہ اس نے پٹریوں کو دھماکے سے اڑا دیا اور تیزی سے ٹرین کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔

تاہم بعد ازاں ایک آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک اور تمام یرغمالیوں کو بازیاب کرا لیا تھا۔

Comments

200 حروف