چینی کی قلت نہیں، اسحاق ڈار نے ریٹیل قیمت 164 روپے فی کلو مقرر کردی
- ایکس ملز کی قیمت 159 روپے فی کلو سے کم رکھنے کا فیصلہ
نائب وزیراعظم اور وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چینی کی ریٹیل قیمت 164 روپے فی کلو برقرار رہے گی جبکہ ایکس ملز قیمت 159 روپے فی کلو رہے گی۔
وفاقی وزیر نے چینی کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کی جس کے دوران قیمتوں پر قابو پانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں ہے اور نہ ہی ہوگی، چینی کی قیمتوں میں 178 سے 179 روپے تک اضافہ ہوا ہے جو ناقابل برداشت ہے۔
دریں اثناء وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی چینی کی قیمتوں کے تعین کے لیے ایک ماہ میں اپنی رائے پیش کرے گی۔
گزشتہ ہفتے وزیر اعظم شہباز شریف نے ریفائنڈ چینی کی دوبارہ برآمد کے لیے خام چینی کی درآمد کے لیے علاقائی ماڈلز کا جائزہ لینے کے لیے بین الوزارتی کمیٹی (آئی ایم سی) تشکیل دی تھی۔
کمیٹی کو چینی کی قیمتوں کے جاری مسئلے کو حل کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔
وزیر اعظم نے حکام کو ذخیرہ اندوزوں اور قیمتوں میں ہیرا پھیری میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی قیمتوں میں اضافے اور چینی کی مصنوعی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی قیمتوں میں ردوبدل اور ماہ مقدس کے دوران روزمرہ استعمال کی چینی کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چینی کی قیمتوں میں غیر منصفانہ اضافہ کرنے والی کسی بھی قسم کی قیاس آرائیوں یا ذخیرہ اندوزی کو قبول نہیں کرے گی۔
Comments