وزیر اعظم شہباز شریف کی چار روزہ سرکاری دورے پر سعودیہ آمد
وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف چار روزہ سرکاری دورے پر جدہ پہنچ گئے ہیں۔
جدہ ایئرپورٹ پر وزیرِ اعظم کا استقبال مکہ کے نائب گورنر پرنس سعود بن مشعل بن عبدالعزیز آل سعود نے کیا۔
نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، اہم وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔ دورے کے دوران وزیرِ اعظم اور سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم محمد بن سلمان تجارت کو بڑھانے، اہم شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط کرنے اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر بات چیت کریں گے۔
قبل ازیں دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ ایجنڈے میں مشترکہ دلچسپی اور تشویش کے امور، جن میں عالمی اور علاقائی پیشرفت، خاص طور پر غزہ کی صورتحال، مشرق وسطی کی صورتحال اور امت مسلمہ سے متعلق مسائل شامل ہوں گے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان عظیم تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفیم میں اضافہ، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو فروغ دینے اور دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر سفارتی ہم آہنگی کی راہ ہموار کرے گا۔
Comments