عید الفطر پر 3 روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان
- وزیراعظم نے 31 مارچ سے 2 اپریل تک عیدالفطر کی سرکاری تعطیلات کی منظوری دے دی ہے
وفاقی حکومت نے عید الفطر پر3 دن کی سرکاری تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔
کابینہ سیکریٹریٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے 31 مارچ سے 2 اپریل (پیر تا بدھ) تک عیدالفطر کی سرکاری تعطیلات کی منظوری دے دی ہے۔
3 اپریل سے سرکاری دفاتر معمول کے مطابق کھلیں گے۔
دریں اثنا شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور زونل کمیٹیوں کا اجلاس اتوار (30 مارچ) کو ہوگا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی میں ہوگا جس میں ملک بھر سے چاند دیکھنے کی رپورٹس کی تصدیق کے لیے علمائے کرام، ماہرین موسمیات اور دیگر اسٹیک ہولڈرز شرکت کریں گے۔
یاد رہے سپارکو نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں سال رمضان المبارک 29 روز کا ہو گا جس کے باعث 31 مارچ کو عید ہونے کا قوی امکان ہے جب کہ 30 مارچ کو شوال کا چاند نظر آئے گا ۔
Comments